عرفان کے متبادل کے طور پر سمیع، بلاول کے ناموں پر غور

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ایڈیلیڈ
پاکستانی کرکٹ ٹیم ان فٹ فاسٹ بولر محمد عرفان کے متبادل کے طور پر محمد سمیع یا بلاول بھٹی کے ناموں پر غور کررہی ہے لیکن متبادل کھلاڑی کی طلبی اسی صورت میں ہوگی اگر پاکستانی ٹیم کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ جائے۔
محمد عرفان کولہے میں سٹریس فریکچر کے سبب عالمی کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔
ان کی جگہ زیرِ غور آنے والے محمد سمیع 85 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 121 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں تاہم انھوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ جون 2012 میں سری لنکا کے دورے میں کھیلا تھا۔
سمیع اس کے بعد سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہے ہیں اور اس سال فرسٹ کلاس کرکٹ میں انھوں نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی طرف سے کھیلتے ہوئے آٹھ میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
بلاول بھٹی نے پاکستان کی طرف سے دس ون ڈے کھیلے ہیں۔ وہ ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے تھے لیکن دونوں میچ میں وہ خاصے مہنگےثابت ہوئے تھے خاص کر نیپئر کے ون ڈے میں انھوں نے 93 رنز دے ڈالے تھے۔
پاکستانی ٹیم کو اس عالمی کپ سے قبل اور اس کے بعد فٹنس اور بولنگ ایکشن کے مسائل کا سامنا رہا ہے۔
جنید خان اور محمد حفیظ ان فٹ ہوکر عالمی کپ کھیلنے سے محروم رہے جبکہ سعید اجمل مشکوک بولنگ ایکشن کے سبب عالمی کپ سے دستبردار ہوگئے تھے۔



