محمد عرفان پھر ان فٹ، ایشیا کپ سے باہر

محمد عرفان جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران کولہے میں ہیرلائن فریکچر ہونے کے سبب چھ ہفتے کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمحمد عرفان جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران کولہے میں ہیرلائن فریکچر ہونے کے سبب چھ ہفتے کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے تھے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان ایک بار پھر ان فٹ ہوکر ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ڈاکٹرز کی رپورٹ کی روشنی میں ان کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیموں کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔

سات فٹ ایک انچ کے طویل قامت محمد عرفان گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران کولہے میں ہیرلائن فریکچر ہونے کے سبب چھ ہفتے کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے تھے اب انہیں اسی جگہ دوبارہ تکلیف ہوئی ہے۔

عرفان راولپنڈی اسلام آباد میں جاری ٹی ٹوئنٹی کپ میں ملتان کی نمائندگی کررہے تھے کہ انہیں تکلیف کے سبب ٹورنامنٹ چھوڑ کر لاہور جاناپڑا جہاں ان کا ایم آر آئی کرایا گیا جس کی رپورٹ کے بعد سلیکٹرز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی شرکت کا فیصلہ کریں گے۔

سلیکشن کمیٹی نے کوچ معین خان اور دونوں کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ کے ساتھ مشاورت کی ہے۔

ون ڈے ٹیم میں فواد عالم کی واپسی کا امکان ہے جنہوں نے اس سیزن میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پریذیڈ نٹ کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے چار سو اڑتیس رنز بنائے ہیں۔

اس کے عاوہ پریذیڈنٹ ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ کے دس میچوں میں انہوں نے دو سنچریوں اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے چھ سو اٹھاون رنز بنائے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کامران اکمل اور شعیب ملک کی واپسی بھی متوقع ہے۔ کامران اکمل کو سلیکشن کمیٹی اوپنر کے طور پر موقع دینے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔