عرفان ان فٹ، آئرلینڈ کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ایڈیلیڈ
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان ایک مرتبہ پھر کولھے میں تکلیف میں مبتلا ہو گئے ہیں اور اتوار کے روز آئرلینڈ کے خلاف میچ میں ان کی شرکت یقینی نہیں۔
محمد عرفان نے ہفتے کے روز ٹیم پریکٹس میں حصہ لیا تھا تاہم وہ کافی دنوں سے مکمل فٹ نہ ہونے کے سبب ٹریننگ کے دوران چند ہی اوور کرا پائے ہیں۔
محمد عرفان عالمی کپ کے پانچ میچوں میں آٹھ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جن میں زمبابوے کے خلاف کریئر بیسٹ 30 رنز کے عوض چار وکٹوں کی کارکردگی بھی شامل ہے۔
وہ متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں صرف تین اوور کرانے کے بعد میدان سے چلے گئے تھے لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں انھوں نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تاہم اس میچ میں بھی وہ کریمپ پڑنے کے سبب کچھ دیر کے لیے میدان سے باہر گئے تھے۔
آئرلینڈ کے خلاف میچ سے قبل عرفان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر فٹ نہ ہوئے تو وکٹ دیکھتے ہوئے احسان عادل یا یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
یاسر شاہ اس عالمی کپ میں بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے تھے لیکن س60 رنز دے کر وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے تھے۔
احسان عادل اب تک اس عالمی کپ میں کوئی میچ نہیں کھیلے ہیں۔



