اماراتی بلے باز عرفان سے خائف نہیں: امجد جاوید

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیپئر
پاکستان کے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان زمبابوے کے خلاف عمدہ بولنگ کے بعد ایک بار پھر حریف بیٹسمینوں کے لیے خطرے کے طور پر سامنے آئے ہیں لیکن متحدہ عرب امارات کے آل راؤنڈر امجد جاوید کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم محمد عرفان سے خائف نہیں ہے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں بدھ کے روز نیپئر کے مک لین پارک میں مدمقابل ہورہی ہیں۔
امجد جاوید کہتے ہیں کہ محمد عرفان کا انہیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔
’عرفان کو ہم دبئی کے مقامی ٹورنامنٹ میں کھیل چکے ہیں اگر آپ کسی بولر کو نہ کھیلے ہوں تو یقیناً آپ کو اس کے بارے میں معلومات نہیں ہوتیں جیسا کہ ہم ڈیل سٹین کو نہیں کھیلے ہیں۔ عرفان سے ہماری ٹیم کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے کھلاڑی ان سے خوفزدہ ہیں۔‘
متحدہ عرب امارات کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں پہلی جیت کی منتظر ہے اور امجد جاوید کو اس میچ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔
’ہر شکست آپ کو بہت کچھ سکھاتی ہے۔ ہم نے تین میچز ہارنے کے بعد اس میچ کی منصوبہ بندی کی ہے۔کوشش ہوگی کہ ہماری بیٹنگ ناکام نہ ہو۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے نو کھلاڑی پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں لیکن امجد جاوید امارات کی نمائندگی کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔
’اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم پاکستانی ہیں۔ ہم متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ہم پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔‘
امجد جاوید کے خیال میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو اسی وقت فائدہ پہنچ سکتا ہے جب اسے مستقل بڑی ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملتا رہے۔
’یہ صرف ایک بڑے ایونٹ کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس ورلڈ کپ کے بعد بھی امارات کی ٹیم کو بڑی ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس عالمی کپ سے ایسوسی ایٹ ٹیموں کو ایکسپوژر ضرور ملا ہے اور امید کی جاسکتی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد بھی امارات اور دیگر ایسوسی ایٹ ٹیموں کو بڑی ٹیموں سے کھیلنے کا موقع فراہم کرے گی۔‘
امجد اب تک کے میچوں میں امارات کی کارکردگی سے بڑی حد تک مطمئن ہیں۔
’سوائے بھارت کے خلاف میچ کے ہماری بیٹنگ نے آئرلینڈ اور زمبابوے کے خلاف 270 سے زائد سکور کیا ہے اور یہ خوش آئند پہلو ہے۔‘



