’مصباح اور عمران خان کا موازانہ غلط ہے‘

- مصنف, عادل شاہ زیب
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیپیئر
ورلڈ کپ میں شامل متحدہ عرب امارات کی کرکٹ ٹیم کے کوچ اور پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم جس طرح سے ورلڈ کپ میں اب تک کھیلی ہے تو اسے دیکھتے ہوئے یو ا ے ای پر امید ہے کہ پاکستان کو نیپیئر میچ میں ہرا دیں گے۔
بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ میچ جیتنے کے لیے یو ا ے ای سے زیادہ پاکستانی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گی۔
عاقب جاوید 92 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصّہ تھے۔
کیا موجودہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے؟ اس سوال کے جواب میں عاقب جاوید کا کہنا تھا اس وقت کے کپتان عمران خان اور موجودہ کپتان مصباح الحق کا موازنہ ہی غلط ہے۔
’عمران میں قائدانہ صلاحیت بہت مضبوط تھیں اور اس وقت ہم ورلڈ کپ صرف لیڈر شپ کی وجہ سے جیتے تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ جیتنا بہت مشکل ہے کیونکہ یہ ٹیم جیتنے کے لیے نہیں بلکہ ہارنے سے بچنے کے لیے کھیل رہی ہے۔
عاقب کے بقول یو ا ے ای کی ٹیم بڑی بڑی ٹیسٹ ٹیموں جتنی مضبوط تو نہیں لیکن یہ ٹیم جیسے اس ورلڈ کپ میں کھیلی ہے تو یہ کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔



