میچ ہارنے والی ٹیم کے لیے حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں

بھارت کے خلاف یونس خان کو اوپنر اور عمراکمل کو وکٹ کیپر کے طور پر کھلانے کے تجربے بری طرح ناکام رہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنبھارت کے خلاف یونس خان کو اوپنر اور عمراکمل کو وکٹ کیپر کے طور پر کھلانے کے تجربے بری طرح ناکام رہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کرائسٹ چرچ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ہفتے کے روز ورلڈ کپ میں اپنے دوسرے میچ میں مدمقابل ہیں۔

دونوں ٹیموں کو ایک جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ پاکستانی ٹیم بھارت سے ہارچکی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کا درجہ نہ رکھنے والی آئرلینڈ کی ٹیم کے ہاتھوں ہزیمت سے دوچار ہوئی ہے۔

اس طرح دونوں ٹیموں کو اس میچ میں جیت کی اشد ضرورت ہے تاکہ کھوئے ہوئے اعتماد کی بحالی کے ساتھ ساتھ کوارٹرفائنل تک رسائی کو زد نہ پہنچے۔

یہ میچ ہارنے والی ٹیم کے لیے حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں کیونکہ اس میچ کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز دونوں کو جنوبی افریقہ جیسے بڑے خطرے کا سامنا کرنا ہے۔ویسٹ انڈیز کا بھارت سے میچ بھی باقی ہے اور پاکستان کو آئرلینڈ سے مقابلہ کرنا ہے۔

پاکستانی ٹیم ابھی تک اس کامبی نیشن کے بغیر کھیل رہی ہے جو کسی بھی ٹیم کی اچھی کارکردگی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

بھارت کے خلاف یونس خان کو اوپنر اور عمراکمل کو وکٹ کیپر کے طور پر کھلانے کے تجربے بری طرح ناکام رہے۔

یونس خان شاید ویسٹ انڈیز کے خلاف اننگز کا آغاز نہ کریں لیکن عمر اکمل کا وکٹ کیپر کی حیثیت سے کھیلنا لازمی دکھائی دیتا ہے۔ ناصر جمشید کو یاسر شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں بھی اس کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ناکام رہی جسے سمنز اور ڈیرن سیمی نے سنبھالا لیکن بولرز تین سو چار کے سکور کا دفاع نہ کرسکے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنآئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں بھی اس کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ناکام رہی جسے سمنز اور ڈیرن سیمی نے سنبھالا لیکن بولرز تین سو چار کے سکور کا دفاع نہ کرسکے

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان دنوں حریف ٹیموں سے زیادہ اندرونی مسائل کے سبب اپنے آپ سے نبردآزما ہے جس کے نتیجے میں متعدد کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔

آئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں بھی اس کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ناکام رہی جسے سمنز اور ڈیرن سیمی نے سنبھالا لیکن بولرز تین سو چار کے سکور کا دفاع نہ کرسکے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ کپ میں نو میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے تین پاکستان جیتا ہے چھ میں ویسٹ انڈیز کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

دونوں کے درمیان ورلڈ کپ میں آخری مقابلہ 2011 میں ڈھاکہ میں ہوا تھا۔ اس کوارٹرفائنل میچ میں پاکستان نے دس وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔