فٹ بال مداحوں کی سیاہ فام شخص کے ساتھ بدسلوکی

فرانس میں ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں چیلسی فٹ بال کلب کے مداح ایک سیاہ فام شخص کو پیرس کی ایک ٹرین میں سوار ہونے سے روک رہے ہیں۔
موبائل فون پر بنائی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سیاہ فام شخص مسلسل پر ہجوم میٹرو ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کرتا ہے اور لیکن اسے بار بار باہر دھکیل دیا جاتا ہے۔
لوگوں کے ایک گروہ کو یہ گاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’ہم نسل پرست ہیں، ہم نسل پرست ہیں اور ہمیں یہی طریقہ پسند ہے۔‘
یہ واقعہ شہر میں ہونے والے چیمپیئنز لیگ کے میچ سے قبل پیش آیا۔
چیلسی فٹ بال کلب کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کرے گا اور اگر کوئی مداح اس میں ملوث پایا گیا تو اس پر پابندی عائد کی جائےگی۔
یہ ویڈیو فوٹیج برطانوی اخبارگارڈین کو حاصل ہوئی ہے جس کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کو شہر کے مرکزی سٹیشن میں پیش آیا۔
ویڈیو میں ایک شخص کو گنگناتے ہوئے سنا جا سکتا ہے ’چیلسی، چیلسی، چیلسی‘۔
برطانوی نژاد شہری پال نولان نے یہ واقعہ اپنے فون پر فلم بند کیا ہے۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ انتہائی ’بدصورت منظر‘ تھا اور ’انتہائی اشتعال انگیز‘ بھی۔

،تصویر کا ذریعہClicsouris
ریڈیو 4 سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ انھوں نے جنگ عظیم دوئم اور نسل پرستی کے حوالے سے نعرے بھی سنے۔
ان کے مطابق وہ اور سٹیشن میں موجود دیگر لوگ کافی خطرہ محسوس کر رہے تھے۔ ’میرا خیال ہے کہ وہاں چند تنگ ذہن لوگ موجود تھے۔‘
نولان نے گارڈین کو بتایا کہ ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کرنے والا شخص مکمل صدمے میں تھا جب اسے دھکیلا گیا۔
ان کا کہنا ہے ’میرا نہیں خیال کے وہ شخص جانتا تھا کہ وہ لوگ کون تھے۔‘
’یہ یقیناً ایک ثقافتی دھچکا تھا۔ میں نے چند فرانسیسی افراد کو کہتے سنا کہ یہ ناقابلِ یقین ہے۔ یہ پاگل پن ہے۔‘
چیلسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مداحوں کے اس فعل کے لیے ’فٹ بال اور معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’چیلسی کے اس سیزن کے ٹکٹ ہولڈرز یا کلب کے ارکان کے اس میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے تو ان کے خلاف ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے جن میں ان کے خلاف پابندی کے احکامات شامل ہیں۔‘
چیلسی کے ہزاروں مداح اس وقت پیرس میں ہیں جو چیلسی کا پیرس سینٹ جرمن کے خلاف ہونے والا میچ دیکھنے آئے تھے۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔



