ائین مورگن اپنی خراب فارم سے پریشان

28 سالہ انگلش بیٹسمین اس بات پر مصر ہیں کہ انھوں نے اپنی بیٹنگ تکنیک میں میں کوئی تبدیلی نہیں کی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن28 سالہ انگلش بیٹسمین اس بات پر مصر ہیں کہ انھوں نے اپنی بیٹنگ تکنیک میں میں کوئی تبدیلی نہیں کی

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ائین مورگن نے کہا ہے کہ وہ اپنی حالیہ خراب فارم کے بارے میں کچھ واضح کرنے سے قاصر ہیں۔

ائین مورگن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے عالمی کرکٹ کپ کے پہلے میچ میں بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ پانچ اننگز کے دوران مورگن اب تک چار بار صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔

28 سالہ انگلش بیٹسمین اس بات پر مصر ہیں کہ انھوں نے اپنی بیٹنگ تکنیک میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

ائین مورگن کے مطابق ’میں یہ بات سمجھنے سے قاصر ہوں کیونکہ میں اسی تکنیک سے بیٹنگ کر رہا ہوں جیسا میں پہلےکرتا تھا۔‘

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی بیٹنگ کا تجزیہ کیا ہے اور انھیں اپنی بیٹنگ میں کسی قسم کے نقص کی خامی نظر نہیں آئی۔

ائین مورگن کو امید ہے کہ وہ جمعے کو ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں فارم میں آ جائیں گے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ کرکٹ کے عالمی کپ کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف 98 رنز بنانے والے بیٹسمین جیمز ٹیلر کو نیوزی لینڈ کے خلاف اوپر کے نمبر پر نہیں بھیجا جائے گا۔

مورگن کا کہنا تھا کہ جیمز ٹیلر نے سری لنکا کے خلاف تین نمبر پوزیشن پر کافی بیٹنگ کی ہے اور میرے خیال میں ان کے لیے یہ بہترین پوزیشن نہیں ہے۔

انگلینڈ کے کپتان کے مطابق جیمز ٹیلر کے لیے پانچویں یا چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنا زیادہ بہتر ہے۔