سعید اجمل نے ورلڈ کپ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے: شہریار خان

    • مصنف, ذیشان علی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ سپنر سعید اجمل نے آئندہ برس فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ میں شرکت نہ کرنے فیصلہ کیا ہے۔

شہریار خان نے سنیچر کو بی بی سی اردو سے خصوصی بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں حصہ نہ لینے کے حوالے سے آف سپنر سعید اجمل ایک دو روز میں پریس کانفرنس کریں گے۔

شہریار خان کا کہنا تھا ’آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں اور اپنا بائیو مکینک ٹیسٹ نہ کروانے کا فیصلہ سیعد اجمل کا اپنا ہے اور اس وقت ان کے ساتھ ثقلین مشتاق اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔‘

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جو ماہرین سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست کروانے میں ان کی مدد کر رہے ہیں ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی سعید اجمل بولنگ کا ٹیسٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

شہر یار خان کا کہنا تھا ’ابھی سعید اجمل کو اپنے بولنگ ایکشن کو ری ماڈل کرنے کے لیے تھوڑا اور وقت چاہیے۔‘

بی بی سی نے جب شہر یار خان سے پوچھا کہ کیا اس دوران سعید اجمل ثقلین مشتاق کے ساتھ ہی پریکٹس کرتے رہیں گے تو انھوں نے کہا سعید اجمل ثقلین مشتاق کے ساتھ پریکٹس کر رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ سعید اجمل کی کوشش ہو گی کہ جس طرح ثقلین مشتاق نے انھیں بتایا ہے اس طرح وہ اپنے بولنگ ایکشن کو ری ماڈل کریں۔

محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے بارے میں شہر یار خان کا کہنا تھا کہ وہ ایک دو دن تک بھارت کے شہر چنئی جائیں گے جہاں ان کا غیر رسمی ٹیسٹ ہو گا جس کے بعد ہم آئی سی سی سے کہیں گے کہ محمد حفیظ کا باقاعدہ ٹیسٹ کروا لیں۔

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے مطابق ہمیں بہت امید ہے کہ محمد حفیظ دونوں ٹیسٹ پاس کر لیں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر حفیظ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے تو اس صورت میں کیا انھیں پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں بطور بیٹسمین شامل کیا جائے گا تو انھوں نے کہا کہ جب سیلکٹرز ٹیم کا اعلان کریں گے تو اس کے بعد ہی اس بات کا پتہ چلے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سنیچر کے روز پریس ریلیز جاری ہوئیں جن میں سعید اجمل کا ورلڈ کپ میں حصہ نہ لینے کے فیصلے کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

خیال رہے کہ سعید اجمل کا بولنگ ایکشن اس سال اگست میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں قواعد وضوابط کے منافی قرار پایا تھا جس کے بعد انھیں برزبین کی لیبارٹری میں بھیجا گیا تھا جس کی رپورٹ کے مطابق ان کی کہنی کا خم 40 ڈگری تھا۔

سعید اجمل کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ ماہ غیرسرکاری تجزیے کے لیے انگلینڈ بھیجا تھا جہاں ڈاکٹر کنگ نے ان کے بارے میں رپورٹ دی کہ کہنی کا خم اب بھی 15 ڈگری سے نیچے نہیں آیا ہے اور اس پر ابھی بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔