سعید اجمل کا بائیومکینک تجزیہ کرایا جائے: پی سی بی

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آف سپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا بائیو مکینک تجزیہ کرانے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی سی سی کو ای میل کی گئی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے بائیومکینک تجزیے کے لیے تاریخ مقرر کی جائے۔
یاد رہے کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو قواعد وضوابط پر پورا نہ اترنے کے سبب انھیں معطلی کا سامنا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اگست میں کھیلے گئے گال ٹیسٹ کے امپائروں ای این گلڈ اور بروس آ کزنفرڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی کو رپورٹ دی تھی جس کے بعد ان کے ایکشن کا آسٹریلوی شہر برزبین میں بائیومکینک تجزیہ ہوا تھا، جس کی رپورٹ کے مطابق ان کی کہنی کاخم 40 ڈگری تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے ماضی کے مشہور آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جن کے ساتھ کام کرنے کے بعد سعید اجمل کو غیرسرکاری تجزیے کے لیے لفبرا انگلینڈ کی لیبارٹری میں بھیجا گیا تھا۔
اس لیبارٹری کے ڈاکٹر کنگ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سعید اجمل نے اپنے بولنگ ایکشن کو کافی حد تک بہتر کر لیا ہے، لیکن ان کی کہنی کا خم اب بھی 15 ڈگری سے زائد ہے، اور اگر وہ اپنے بولنگ ایکشن پر مزید محنت کریں تو یہ 15 ڈگری کی حد تک آ سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئی سی سی سے رابطہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ عالمی کپ سے قبل سعید اجمل کو کلیئر کرانے میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کو ورلڈ کپ کے ممکنہ 30 کھلاڑیوں میں شامل کر رکھا ہے تاہم ابھی اس کا اعلان نہیں ہوا۔ یہ 30 نام آئی سی سی کو بھیجنے کی آخری تاریخ سات دسمبر ہے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ سعید اجمل کی ورلڈ کپ میں واپسی کی امید 50 فیصد ہے۔



