’بہتری آئی ہے لیکن بولنگ ایکشن اب بھی معیاری نہیں‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستانی سپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے بائیو مکینکس ماہرین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کیا ہے کہ اجمل کے بولنگ ایکشن میں بہتری آئی ہے تاہم اس پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
بائیو مکینکس ماہرین نے یہ بات پی سی بی کو دی گئی رپورٹ میں کہی ہے۔
سعید اجمل پچھلے ہفتے لندن گئے تھے جہاں پر ڈاکٹر مارک کنگ اور ان کی ٹیم نے پاکستانی سپنر کے ٹیسٹ کیے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اس رپورٹ میں کہا گیا ہے ’آخری بار لیے گئے ٹیسٹ اور اب کے ٹیسٹ میں سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں قدرے بہتری آئی ہے۔ اس وقت ان کی کُہنی کی ایکسٹینشن پہلے 40 ڈگری تھی جو اب کم ہوئی ہے لیکن اب بھی 15 ڈگری سے زیادہ ہے۔‘
ڈاکٹر کنگ نے رپورٹ میں مزید کہا ہے ’مزید محنت سے 15 ڈگری کے اندر رہتے ہوئے بولنگ کرنا ممکن ہے۔‘
بائیو مکینکس ماہرین نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے معیار کے مطابق 18 اعلیٰ کوالٹی کے کیمروں سے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو جانچا۔
واضح رہے کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے باعث ان پر آئی سی سی کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے بعد ان کے ایکشن کو درست کرنے کے حوالے سے پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل سے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتہ مزید لندن ہی میں رہیں اور ثقلین کے ساتھ لیسٹر میں کام کریں۔



