سعید اجمل کے ایکشن کا دو ہفتوں بعد معائنہ

کرکٹ کمیٹی نے سعید اجمل کو مزید دو ہفتے اپنے ایکشن پر کام کرنے کا وقت دیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکرکٹ کمیٹی نے سعید اجمل کو مزید دو ہفتے اپنے ایکشن پر کام کرنے کا وقت دیا ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں واضح بہتری آئی ہے اور دو ہفتوں کے بعد آئی سی سی کی لیبارٹری سے ان کے باؤلنگ ایکشن کا تجزیہ کروایا جائےگا۔

آئی آئی سی کی طرف سے پابندی کے بعد سیعد اجمل ماضی کے مشہور سپنر ثقلین مشتاق کی نگرانی میں لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈیمی میں اپنے بولنگ ایکشن کو درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو ٹیسٹ کیاگیا ہے اور اس میں واضح بہتری ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سعید اجمل کو اپنے بولنگ ایکشن پر کام کرنے کے لیے دو مزید ہفتوں کا وقت دیا جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلےگئے ٹیسٹ میچ کے امپائرز نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے قواعد وضوابط کے برخلاف ہونے کے بارے میں رپورٹ دی تھی۔ جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کو برسبین کی بائیومکینک لیبارٹری میں ان کے بولنگ ایکشن کے تجزیے کے لیے بھیجا تھا جس کی رپورٹ نے اس بات کی تصدیق کردی تھی کہ سعید اجمل آئی سی سی کی مقرر کردہ پندرہ ڈگری کی حد سے زیادہ بولنگ کر رہے ہیں جس پر آئی سی سی نے انہیں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے سے روک دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے ماضی کے مشہور آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔