مصباح اور اظہرعلی کے بینک اکاؤنٹس منجمد

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور مڈل آرڈر بیٹسمین اظہرعلی کے بینک اکاؤنٹس انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی پر منجمد کردیے گئے ہیں۔
ایف بی آر کے ایک اعلی افسر شاہد حسین نے بی بی سی کو اس بات کی تصدیق کی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مصباح الحق پر انتالیس لاکھ روپے اور اظہر علی پر پندرہ لاکھ روپے انکم ٹیکس کی مد میں واجب الادا ہیں۔ عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے ان کے متعلقہ بینکوں سے رابطہ کیا ہے اور یہ رقم ان کے اکاؤنٹس سے وصول کرلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایف بی آر سے بورڈ کو ان دونوں کرکٹرز سے متعلق کچھ کاغذات موصول ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ مصباح الحق اور اظہرعلی نے جولائی میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی اور ان سے کرکٹرز کو پروفیشنل افراد کی فہرست سے الگ کرنے کی درخواست کی تھی۔ دونوں کرکٹرز نے وزیرخزانہ سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ انکم ٹیکس کی واجب الادا رقم کی وصولی دس فیصد کے حساب سے کی جائے۔
اسحاق ڈار نے دونوں کرکٹرز کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن یقین دہانی کرائی تھی۔



