’فارم بہتر نہ ہوئی تو ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا‘

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ورلڈ کپ میں شرکت کو اپنی بیٹنگ فارم سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ فارم میں واپس نہیں آسکے تو پھر ٹیم پر قطعاً بوجھ نہیں بنیں گے۔
مصباح الحق آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی میں کھیلا گیا تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل نہیں کھیلے ۔
ان کے نہ کھیلنے پر کرکٹ کے حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں ہوئیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان کو یہ بیان دینا پڑا کہ تیسرا ون ڈے نہ کھیلنے کا فیصلہ مصباح الحق کا خود اپنا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ عالمی کپ میں ان کی شرکت کا بڑا دارومدار ان کی بیٹنگ فارم پر ہوگا۔ فی الحال ان کی توجہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہے اور وہ اس دوران اپنی بیٹنگ فارم واپس لانے کی کوشش کرینگے لیکن اگر ان سے رنز نہیں ہورہے ہیں تو پھر وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ انہیں کھیلنا چاہیے۔ ان کے نزدیک پاکستان اور پاکستانی ٹیم کی اہمیت زیادہ ہے وہ کسی بھی موقع پر ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہیں گے۔آپ کسی بھی صورت میں اپنی ٹیم کو مشکل صورتحال سے دوچار نہیں کرسکتے۔
مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے ٹیم منیجمنٹ سے درخواست کی تھی کہ وہ تیسرا میچ نہیں کھیلنا چاہتے کیونکہ ان کی بیٹنگ فارم کی وجہ سے ٹیم بھی متاثر ہورہی تھی لہذا انہوں نے بہتر سمجھا کہ ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو موقع ملنا چاہیے۔
یاد رہے کہ مصباح الحق کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ تک کے لیے کپتان مقرر کررکھا ہے۔
مصباح الحق دو ہزار گیارہ سے ٹیم کے کپتان ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اٹھارہ میں سے گیارہ ون ڈے سیریز جیت چکی ہے۔ گزشتہ سال مصباح الحق نے ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ تیرہ سو تہتر رنز بنائے تھے تاہم اس سال وہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف میچز میں بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف پاکستان کو ون ڈے اور ٹیسٹ دونوں سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دو ون ڈے ہارگئی جس کے بعد تیسرے میچ میں شاہد آفریدی کو کپتانی دی گئی لیکن وہ بھی آسٹریلیا کو ایک رن کی ڈرامائی جیت سے نہ روک سکے۔



