آؤٹ دیے جانے پر ناراضگی، مصباح الحق پر جرمانہ

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق پر امپائر کی جانب سے آؤٹ دیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میچ کے دوران پیش آیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر مصباح الحق کو اپنی میچ فیس کا 15 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے امپائر رچرڈ النگ ورتھ نے ایک اہم موقع پر مصباح الحق کو کاٹ بی ہائنڈ آؤٹ قرار دیا تھا۔
مصباح نے اس فیصلے کے خلاف ریفرل بھی لیا تھا لیکن ٹی وی امپائر جول ولسن نے بھی فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
آؤٹ دیے جانے پر مصباح الحق نے ناراضگی ظاہر کی تھی اور ان کا خیال تھا کہ گیند ان کے دستانے کو نہیں کہنی کو چھو کر گئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستانی کپتان کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مصباح اس میچ کے دوران ہیمسٹرنگ کی تکلیف کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور تاحال ان کی فٹنس کے بارے میں بورڈ یا ٹیم کی جانب سے کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق اسی میچ نیوزی لینڈ کے بولر ایڈیم ملنے کو بھی آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
ملنے نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جس پر انھیں صرف تنبیہ کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے اس میچ میں پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی اور یہ شارجہ کے کرکٹ گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کی کسی ون ڈے میچ میں پاکستان کے خلاف پہلی فتح ہے۔



