دبئی: پاکستان کو 17 رنز سے شکست، سیریز برابر

،تصویر کا ذریعہAFP
دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی ہے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89509" platform="highweb"/></link>
جواب میں پاکستان کی ساری ٹیم 19ویں اوور میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ احمد شہزاد اور شاہد آفریدی نے بلترتیب 33 اور 28 رنز بنائے۔
کپتان شاہد آفریدی اپنی جارحانہ انداز میں بیٹنگ سے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے تھے تاہم وہ 28 رنز پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین سرفراز احمد تھے جو صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
18 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ نو رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
اس کے بعد 24 کے سکور پر حارث 3 رنز بنا کر جبکہ 64 کے سکور پر سعد نسیم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد احمد شہزاد 74 اور عمر اکمل 97 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد شاہد آفریدی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی اور اس دوران پہلے انور علی کی 104 پر وکٹ گری اور اس کے بعد 121 پر آفریدی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
آفریدی کے بعد عمر اکمل بھی باؤنڈری پر اپنا کیچ دے بیٹھے جبکہ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سہیل تنویر بھی کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ویلمسن نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 جبکہ رونچی نے ایک چوکے اور د چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے
پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی اور عمر گل نے دو، دو جبکہ محمد حفیظ، سہیل تنویر اور رضا حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دبئی میں جمعرات کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس میچ میں پاکستان نے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے اویس ضیا اور محمد عرفان کی جگہ احمد شہزاد اور عمر گل کو ٹیم میں شامل کیا۔
ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسرا ٹیسٹ بمشکل برابر کرنے اور تیسرے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست کا سامنا کرنے والی پاکستانی ٹیم کی حالیہ چند ماہ میں محدود اوورز کی کرکٹ میں کارکردگی کچھ اچھی نہیں رہی۔
نیوزی لینڈ کی آمد سے قبل متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی ٹیم نے اسے واحد ٹی 20 اور پھر ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شکست دی تھی۔



