’مائیکل کلارک ایڈیلیڈ ٹیسٹ کھیلیں گے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک بھارت کے خلاف نو دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں شرکت کریں گے۔
33 سالہ کلارک کچھ عرصے سے ہیم سٹرنگ انجری کی وجہ سے فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔ وہ اسی مسئلے کے باعث پاکستان کے خلاف اکتوبر میں کھیلی جانے والی ایک روزہ سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔
وہ جنوبی افریقہ کے خلاف گذشتہ ماہ میں کھیلی جانے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے بدھ کو تربیتی سیشن میں شرکت کی۔
ادھر آسٹریلیا کے کرکٹ کوچ ڈیرن لیمین نے کہا ہے کہ کلارک جب تک فٹ ہیں وہ کھیل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سنیچر کو ٹریننگ سیشن میں ان سے بیٹنگ کروائیں گے اور ان کی فٹنس دیکھیں گے۔
ڈیرن لیمین کے مطابق ہم میڈیکل سٹاف، کلارک اور سیلکٹروں سے بھی اس بارے میں رہنمائی لیں گے۔
انھوں نے کہا کہ کلارک بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں نو دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی کپتانی کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی بیٹسمین فل ہیوز کی ناگہانی موت کے بعد بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ اب نو دسمبر سے شروع ہوگا۔
چار دسمبر سے شروع ہونے والا یہ ٹیسٹ میچ فل ہیوز کی موت کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔
پہلے ٹیسٹ کی تاریخوں میں تبدیلی کا اثر دوسرے ٹیسٹ پر بھی پڑا ہے جو اب 17 سے 21 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
میلبرن میں ہونے والا تیسرا ٹیسٹ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے حساب سے باکسنگ ڈے پر یعنی 26 دسمبر کو ہی شروع ہوگا جبکہ سڈنی میں شروع ہونے والا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ اب چھ جنوری کو کھیلا جائے گا۔



