شارجہ میں میک کلم کی دھواں دار بیٹنگ

،تصویر کا ذریعہAFP
شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 249 رنز بنا لیے ہیں۔
دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر برینڈن میک کلم اور کین ویلمسن کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 153 اور 76 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 102 رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان برینڈن میک کلم نے 17 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 153 جبکہ کین ویلمسن نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رنز بنائے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89438" platform="highweb"/></link>
دونوں بلے بازوں نے تیز رفتاری کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 198 رنز کا اضافہ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے برینڈن میک کلم اور ٹام لیتھم نے پہلی اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنائے۔
اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 351 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے سپنر مارک کریگ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 94 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ان کے کریئر کی بہترین بولنگ ہے۔
پاکستان اننگز کی خاص بات محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ تھی تاہم وہ صرف تین رنز کی کمی سے اپنی پہلی ڈبل سنچری نہ بنا سکے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
حفیظ کے بعد پاکستانی وکٹوں کی جھڑی لگ گئی اور آخری پانچ وکٹیں سکور میں صرف 40 رنز کا اضافہ کر سکیں۔
دوسرے دن کے کھیل کے آغاز ہی میں مصباح الحق 38 رنز بنا کر ساؤدی کے گیند پر والٹنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اسد شفیق کو بھی ساؤدی نے کریگ کی گیند پر کیچ کیا وہ 11 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد سرفراز احمد کو کریگ نے 15 رنز پر آؤٹ کیا۔
محمد طلحہ کریگ ہی کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں آؤٹ فیلڈ میچ کیچ ہو گئے۔ راحت علی کو بھی کریگ ہی نے آؤٹ کیا۔ جب کریگ کی گیند پر راحت علی کا کیچ سلپ میں راس ٹیلر نے پکڑا تو یہ ان کے کریئر کا سوواں کیچ تھا۔
شارجہ ٹیسٹ کا دوسری دن شروع ہونے سے پہلے آسٹریلوی کھلاڑی فلپ ہیوز کی موت کی سوگ میں دو منٹ خاموشی اختیار کی گئی۔
جمرات کو ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل بھی فلپ ہیوز کی موت کے سوگ میں ایک دن کے لیے موخر کر دیا گیا تھا۔
پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے تھے۔
شارجہ میں کھیلنے جانے والے اس میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔
ابوظہبی میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان نے 248 رنز سے جیتا تھا جبکہ دبئی میں کھیلا گیا دوسرا میچ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بےنتیجہ رہا تھا۔



