زخمی احمد شہزاد ٹیسٹ سیریز سے باہر

احمد شہزاد کی کھوپڑی میں معمولی نوعیت کا فریکچر ہوا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناحمد شہزاد کی کھوپڑی میں معمولی نوعیت کا فریکچر ہوا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور دورہ ادھورا چھوڑ کر منگل کی شب وطن واپس آ رہے ہیں۔

پیر کو ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کے دوران کورے اینڈرسن کا باؤنسر ہیلمٹ کے اندر سے ہوتا ہوا ان کی کنپٹی پر لگا تھا اور وہ گر پڑے تھے۔

اس دوران ان کا بیٹ وکٹوں میں جا لگا تھا اور وہ ہٹ وکٹ ہوگئے تھے ۔

اس اننگز میں انھوں نے 176 رنز بنائے تھے جو ان کے ٹیسٹ کریئر کا بہترین انفرادی سکور ہے۔

احمد شہزاد کی سکین رپورٹ سے پتہ چلا کہ ان کی کھوپڑی میں معمولی نوعیت کا فریکچر ہوا ہے جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت کا جائزہ لینے کے لیے 48 گھنٹے دیے تھے۔

احمد شہزاد پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ کے دوران ڈریسنگ روم میں رہے اور ان کی جگہ شان مسعود نے فیلڈنگ کی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر معین خان نے ابوظہبی سے بی بی سی کو بتایا کہ ڈاکٹروں نے احمد شہزاد کو کم از کم تین سے چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اگر ان کی طبی حالت مکمل طور پر اطمینان بخش ہوئی تو وہ دوبارہ ٹیم میں شمولیت اختیار کر لیں گے تاہم فی الحال انھیں وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 17 اور تیسرا ٹیسٹ میچ 26 نومبر سے شروع ہوگا۔