سعید اجمل کا متبادل تیار نہ کرنا بڑی غلطی تھی، وقار

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے ماضی میں یہ غلطی سرزد ہوئی ہے کہ اس نے سعید اجمل کے متبادل کے طور پر کسی نوجوان بولر کو تیار نہیں کیا اور اب جب سعید اجمل کو مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے معطلی کا سامنا ہے بہت بڑا خلا محسوس ہورہا ہے۔
وقاریونس نے بی بی سی اردو سروس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ یہ تسلیم کرلینا چاہیے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے ماضی میں غلطی ہوگئی کہ سعید اجمل کی موجودگی میں کوئی دوسرا باصلاحیت سپنر تیار کرنے کی کوشش ہی نہیں کی گئی ۔یہ احساس پہلے کرلینا چاہیے تھا لیکن اب بھی وقت ہے کہ ہم اچھے سپنرز تلاش کریں اور انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے تیار کریں۔
وقاریونس نے کہا کہ کافی عرصے سے کسی سپنر کو موقع نہیں مل سکا لہذا اب نئے سپنرز کے لیے بھی اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے سامنے آئیں۔ امید ہے معین خان اور سلیکشن کمیٹی کی کسی ایسے باصلاحیت سپنرز پر نظر ہوگی۔
وقاریونس نے سعید اجمل کے مستقبل اور ممکنہ واپسی کے بارے میں کہا کہ اس سوال کا فوری طور پر جواب کوئی بھی نہیں دے سکتا ۔ہم سب کو مثبت سوچ رکھنی چاہیے کیونکہ سعید اجمل کوئی عام بولر نہیں ہیں انھوں نے پانچ سال جس طرح پاکستانی کرکٹ کی خدمت کی ہے اسے کسی طور بھی نظرانداز نہیں جاسکتا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
وقاریونس نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں ہرممکن مدد فراہم کر رہا ہے ۔ ثقلین مشتاق کا پاکستان آکر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر کام کرنا اور پھر ان کی وڈیوز بائیومکینک ماہرین کو بھجوانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے میں کس قدر سنجیدہ ہے لیکن اس کا نتیجہ کیا نکلے گا یہ وقت ہی بتائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے امپائرز نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو قوانین کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی باضابطہ رپورٹ دی تھی جس کے بعد آئی سی سی کے مروجہ قواعد وضوابط کے مطابق سعید اجمل کو آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری سے رجوع کرنا پڑا تھا تاہم برسبین کی لیبارٹری کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعید اجمل کا بولنگ ایکشن پندرہ ڈگری کی مقرر کردہ حد سے کہیں زیادہ ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے پاکستان کے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی ہیں جو پیر کے روز لاہور پہنچ رہے ہیں۔



