عالمی کرکٹ کمزور دل والوں کا کھیل نہیں: آفریدی

کوچ وقار یونس کے ساتھ اختلاف ماضی کی بات ہے

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY

،تصویر کا کیپشنکوچ وقار یونس کے ساتھ اختلاف ماضی کی بات ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے نئے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کمزور دل والوں کا کھیل نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو شاہد آفریدی کو 2016 کے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 تککپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تقرری کے بعد کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں میں دلیری پیدا کرنی ہوگی اور ان میں موجود شکست کا خوف نکالنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ انھیں پہلے بھی کپتانی دی گئی تھی تو انھوں نے ٹیم کو متحد کیا تھا۔

آفریدی نے کہا کہ وقاریونس اس وقت بھی کوچ تھے اور اب بھی کوچ ہیں تاہم ان کے ساتھ اختلافات ماضی کی بات ہے اور اب وہ ان کے ساتھ مل کر نئے سفر کا آغاز کریں گے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ اس مرحلے پر ون ڈے کی کپتانی کی بات نہیں کریں گے کیونکہ مصباح الحق اچھی کپتانی کر رہے ہیں۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف اگرچہ ٹیم ہاری ہے لیکن مجموعی طور پر مصباح کی قیادت میں ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی آئی ہے۔

شاہد آفریدی نے اپنے آؤٹ آف فارم ہونے سے متعلق سوال پر کہا کہ جو یہ بات کرتا ہے وہ پہلے ہوم ورک کر لے اور اسے 2011 کی ان کی پرفارمنس نہیں بھولنی چاہیے جب وہ کپتان تھے۔

شاہد آفریدی نے اس سال چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 68 رنز بنائے ہیں جن میں سب سے زیادہ سکور 22 رنز ہے جبکہ بولنگ میں انھوں نے چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس سال شاہد آفریدی نے آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں میں ایک نصف سنچری سکور کی ہے تاہم ان کی وکٹوں کی تعداد تین ہے اور آخری چھ میچوں میں وہ ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔