پاکستان کے خلاف آسٹریلوی ٹیم کا اعلان

،تصویر کا ذریعہAFP
آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف ہونے والی کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں زخمی ہونے کے باوجود مائیکل کلارک کو ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کلارک گذشتہ ہفتے ہیم سٹرنگ کی تکلیف کے باعث زمبابوے سے سہ فریقی ٹورنامنٹ سے بیچ میں ہی واپس آسٹریلیا آ گئے تھے۔
پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے میچوں کے لیے انھیں فٹ قرار نہیں دیا گيا ہے، تاہم خبررساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ ان کی صحت یابی کے لیے پرامید ہے اور اسی لیے انھیں ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے آسٹریلیا کا کپتان نامزد کیا ہے۔
جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے جارج بیلی کی جگہ ایرون فنچ کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
آل راؤنڈر شین واٹسن کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وہ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے سہ فریقی ٹورنامنٹ میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔
ان کے علاوہ اوپنر ڈیوڈ وارنر کو بھی تینوں زمروں میں جگہ ملی ہے۔ انھیں بھی زمبابوے کے دورے کے لیے آرام دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ مچل سٹارک اور آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی تینوں شعبوں میں کھیل رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ٹیسٹ ٹیم میں نئے کھلاڑی آل راؤنڈر مچل مارش اور بائیں ہاتھ کے سپنر سٹیو او کیف کو شامل کیا گيا ہے۔
ہیوجز کو زمبابوے دورے پر دو نصف سنچری بنانے کے بعد بھی ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ اسی طرح رچرڈسن اور بین کٹنگ بھی ٹیم میں جگہ پانے میں ناکام رہے۔
اس دورے میں آسٹریلیا پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ، تین ایک روزہ ميچ کے علاوہ ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے گا۔
ٹیسٹ ٹیم:
مائیکل کلارک (کپتان)، ایلکس ڈولن، فلپ ہیوز، بریڈ ہیڈن، نیتھن لیون، مچل مارش، گلین میکسویل، سٹیو او کیف، مچل جانسن، کرس روجرز، پیٹر سڈل، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک، ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن۔
ون ڈے سکواڈ:
مائیکل کلارک (کپتان)، سین ایبٹ، جارج بیلی، جیمز فاکنر، ایرون فنچ، بریڈ ہیڈن، نیتھن لیون، مچل مارش، گلین میکسویل، مچل جانسن، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک، ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن۔
ٹی ٹوئنٹی سکواڈ:
ایرون فنچ (کپتان)، شان ایبٹ، کیمرون بوائس، پیٹ کمنز، جیمز فاکنر، بریڈ ہیڈن، مچل مارش، گلین میکسویل، کین رچرڈسن، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک، ، ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن۔



