بھارتی پہلوان نے پاکستانی کو چِت کر دیا

اب تک ان کھیلوں میں بھارت نے مجموعی طور پر 33 تمغے جیتے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناب تک ان کھیلوں میں بھارت نے مجموعی طور پر 33 تمغے جیتے ہیں

سکاٹ لینڈ کے دارالحکومت گلاسگو میں منعقد ہونے والے دولتِ مشرکہ کے کھیلوں کے مقابلوں میں بھارتی پہلوان ششیل کمار نے 74 کلوگرام وزن کے کشتی کے مقابلوں میں طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔

انھوں نے پاکستانی پہلوان قمر عباس کو 6-2 سے شکست دی۔

بدھ کے روز کشتی کے مقابلوں میں بھارت کا یہ تیسرا طلائی تمغہ ہے۔ اس سے قبل 57 کلوگرام وزن کے مقابلوں میں بھارتی امت کمار نے نائیجیریا کے ابیک ویمینومو کو شکست دی تھی۔

انھوں نے بھی اپنے مقابلے میں 6-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ادھر خواتین کے 48 کلوگرام وزن کے مقابلوں میں انگلینڈ کی یانا راتگن نے بھارتی خاتون پہلوان کو ہرا دیا۔

تین طلائی تمغوں کے ساتھ بھارت کی کشتی کے مقابلوں میں مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن ہے۔

اب تک ان کھیلوں میں بھارت نے مجموعی طور پر 33 تمغے جیتے ہیں جن میں 10 طلائی، 14 چاندی کے اور 9 کانسی کے تمغے ہیں۔

ادھر پاکستان نے اب مجموعی طور پر 3 تمغے حاصل کیے ہیں جن میں دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔

اتوار کے روزپاکستان کے جوڈو کھلاڑی شاہ حسین نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

شاہ حسین نے مردوں کی 100 کلو گرام درجہ بندی میں سکاٹ لینڈ کے یوان برٹن سے شکست کھائی۔

شاہ حسین کے والد حسین شاہ پاکستان کے مایہ ناز باکسر رہے ہیں جنہوں نے 1988 کے سیول اولمپکس مقابلوں میں مڈل ویٹ درجہ بندی میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اور وہ پہلے پاکستانی تھے جنہوں نے پاکستان کے لیے اولمپکس میں باکسنگ کا تمغہ جیتا تھا۔

کشتی کے مقبلوں میں بھارتی پہلوان راجیو تومار کا میچ ابھی باقی ہے۔