دولتِ مشترکہ کھیلوں میں پاکستان کا پہلا تمغہ

،تصویر کا ذریعہAFP
سکاٹ لینڈ کے دارالحکومت گلاسگو میں منعقد ہونے والے دولتِ مشرکہ کے کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کے جوڈو کھلاڑی شاہ حسین نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔
شاہ حسین نے مردوں کی 100 کلو گرام درجہ بندی میں سکاٹ لینڈ کے یوان برٹن سے شکست کھائی۔
اس سے قبل شاہ حسین نے نیوزی لینڈ کے ٹِم سلی فیلڈ کو شکست دی تھی جس کے نتیجے میں وہ فائنل تک پہنچے تھے۔
برٹن نے اس مقابلے کے بعد کہا کہ ’ایک 35 سالہ شخص کے لیے کچھ زیادہ برا نہیں ہے۔ میں سارا دن نروس ہوتا رہا مگر اب بہت تسلی ہے۔‘
یاد رہے کہ ان مقابلوں میں اب تک کے کسی پاکستانی نے تمغہ حاصل نہیں کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
اس سے قبل شاہ حسین ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں کانسی اور انڈر 20 انٹرنیشنل جوڈو چیمپئن شپ میں بھی کانسی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔
شاہ حسین کے والد حسین شاہ پاکستان کے مایہ ناز باکسر رہے ہیں جنہوں نے 1988 کے سیول اولمپکس مقابلوں میں مڈل ویٹ درجہ بندی میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اور وہ پہلے پاکستانی تھے جنہوں نے پاکستان کے لیے اولمپکس میں باکسنگ کا تمغہ جیتا تھا۔



