پاکستان بھارت فٹبال سیریز بنگلور میں 17 اگست سے

،تصویر کا ذریعہ
بھارت کے ساتھ فٹبال میچوں کی ایک بین الاقوامی دوستانہ سیریز کے لیے پاکستان کی قومی ٹیم بھارت کے جنوبی شہر بنگلور کا دورہ کر رہی ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری احمد یار خان لودھی کو اس دوستانہ سیریز سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔
انھوں نے کہا: ’ہمیں امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کے معاملے میں یہ میچ سنگِ میل ثابت ہوں گے۔‘
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کے میدان میں دو طرفہ مقابلے سنہ 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد تقریباً منقطع ہو گئے تھے کیونکہ بھارت نے ان حملوں کا الزام پاکستانی تنظیم پر عائد کیا تھا۔
اس سیریز میں پاکستان اور بھارت کی 23 سال سے کم عمر کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تاہم آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی صورت میں بتایا کہ ہر چند کہ اس کا نام 23 سال سے کم عمر کی ٹیموں کا دوستانہ میچ ہے تاہم اس میں دونوں ملکوں کی قومی ٹیم کے کئی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ سیریز در اصل دونوں ممالک کی فٹبال فیڈریشنوں کی کوششوں کا نتیجہ ہے اور اس سیریز سے دونوں ممالک ایشین گیمز کے لیے اپنی ٹیم کو تیاری دیکھ سکیں گے۔ اسی سلسلے میں دونوں ٹیمیں دوسرے ممالک کا بھی دورہ کر رہی ہیں۔
انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پہلی بار کوئی پاکستانی ٹیم کسی دوستانہ سیریز کے لیے بھارت آ رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہOther
پہلا میچ بنگلور میں 17 اگست کو کھیلا جائے گا جس کا اشتہار آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کی سائٹ پر بھی نظر آ رہا ہے۔ دوسرا میچ 20 اگست کو بنگلور میں ہونا طے ہے۔
بین الاقوامی میچوں کے لیے دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوتی رہی ہیں جیسے گذشتہ سال جنوبی ایشیائی کھیل سیف گیمز کے لیے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔
تاہم اس سے قبل بھارت پاکستان کے درمیان کوئی دوطرفہ فٹبال سیریز نو سال قبل سنہ 2005 میں ہوئی تھی جس میں بھارت اور پاکستان نے ایک ایک ایک میچ جیتا تھا اور ایک میچ برابر رہا تھا۔ بہتر گول اوسط پر پاکستان نے سیریز جیت لی تھی۔
یاد رہے کہ سنہ 2011 میں انگلینڈ میں دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان فٹبال سیریز منعقد کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ ناکام رہی۔
اب یہ برازیل میں ہونے والے فٹبال عالمی کپ کا خمار ہے یا پھر دونوں ممالک میں نئی حکومتوں کی آمد کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال جس نے دو پڑوسی ملکوں کے درمیان اس قسم کی کسی سیریز کا جواز پیدا کیا ہے۔



