فٹبال ڈائری

،تصویر کا ذریعہAP
فٹبال کے ایک پرستار نے اٹلی کے دفاعی کھلاڑی چیلینی کے کندھے پر یوروگوئے کے سٹرائکر لوئس سواریس کے دانت کے نشان کا ٹیٹو بنوایا ہے۔
یاد رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے دور میں یوروگوئے کے کھلاڑی نے اٹلی کو شکست تو دی لیکن اس دوران انتہائی متنازع حرکت بھی کی گئی۔
بہر حال اس فٹبال کے پرستار نے اس واقعے کو اپنے جسم پر کندہ کرا کے یادگار بنا دیا ہے۔ اپنے کندھے پر چار دانتوں کے لال نشان کے نیچے اس فٹبال فین نے یہ لکھوایا ہے ’یہاں سواریس تھے‘۔
دانت کاٹنے کے عمل کی وجہ سے فٹبال کے عالمی ادارے فیفا نے سواریس پر نو ميچوں اور چار ماہ تک کے لیے فٹبال کھیلنے کی پابندی لگا دی ہے لیکن ان کے دانتوں کے نشان ہیں کہ مٹنے کو تیار نہیں۔
یوروگوئے کے سٹرائکر سواریس کے دانت کاٹنے پر سماجی رابطے کی سائٹوں پر زبردست ہلچل رہی تھی اور لوگوں نے انھیں بہت سے کردار کے مترادف قرار دیا تھا
نشے میں ڈرائونگ

،تصویر کا ذریعہAFP
برازیل کے شہر ساؤ پالو میں فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے دن 12 جون سے لے کر سنیچر پانچ جولائی تک ہر پانچ میں سے ایک ڈرائیور نشے کی حالت میں گاڑی چلاتا ہوا پکڑا گیا ہے۔
یہ اطلاعات ساؤ پالو کی مقامی پولیس نے دی ہے۔
مقامی پولیس نے اس دوران 2888 ڈرائیوروں کا مے نوشی کا ٹیسٹ لیا۔ ان میں سے 200 نے جانچ کرانے سے انکار کردیا جبکہ برازیل کے ٹرافک ضابطے 165 کے تحت 591 افراد پر جرمانہ لگایا گیا۔
برازیل کے اس ضابطے کے تحت اگر کسی کو شراب یا کسی نشہ آور چیز کے زیر اثر گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا جاتا ہے تو اسے 1000 امریکی ڈالر کا جرمانہ لگ سکتا ہے اور ایک سال کے لیے اس کا لائسنس منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
کولمبیا کی امن کوششوں پر ورلڈ کپ کا سایہ

،تصویر کا ذریعہAFP
فٹبال صرف کھیل نہیں ہے اس کے اثرات سیاست میں بھی نظر آتے ہیں۔
ورلڈ کپ سے کولمبیا کی رخصتی سے وہاں کی حکومت کی امیدوں کو بھی جھٹکا لگ سکتا ہے کیونکہ وہ اس کے ذریعے بائیں بازو کے باغیوں کو جنگل سے نکلنے کا لالچ دے رہی تھی۔
واضح رہے کہ کولمبیائي وزارت دفاع ملک میں کئی دہائیوں سے جاری شورش کو ختم کرنے کے لیے کولمبیا کی حریت پسند مسلح فورس (فارک) اور نیشنل لبریشن آرمی دونوں کو اپنے ٹھکانوں سے نکل کر ٹیم کی کامیابی میں شامل ہونے کے لیے ٹی وی اور ریڈیو پر اشتہار دے رہا تھا۔
اشتہار میں کہا گیا تھا: ’چھاپہ مار جنگجوؤ! آپ دنیا کے سب سے بڑے منظر سے کیسے محروم رہ سکتے ہیں؟ کولمبیا آپ کے لیے ایک سیٹ مخصوص کررہا ہے تاکہ دنیا میں فٹبال کے سب بڑے جشن کا آپ بھی آزادی کے ساتھ لطف لے سکیں۔‘
اب جبکہ کولمبیا ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے تو بعض لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ باغی اپنے ٹھکانوں سے نکلنے سے انکار کردیں۔
گھانا کی ٹیم کے معاملے پر فلم

،تصویر کا ذریعہGetty
ہرچند کہ گھانا کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اپنے کھیل سے سب کو متاثر کیا لیکن وہ کئی غلط وجوہات کے سبب بھی سرخیوں میں رہی۔
مثلا کھلاڑیوں نے کوچ سے جھگڑا کیا، دو کھلاڑیوں کو ميچ سے قبل ہی برازیل سے ملک واپس بھیج دیا گیا اور گھانا کے صدر نے کھلاڑیوں کے لیے جو رقم بھیجی تھی اسے برازیل کے حکام نے ضبط کر لیا۔
اب گھانا کے ان تمام معاملات پر ہالی وڈ ایک فلم بنانے کو تیار ہے۔
ہالی وڈ ڈائرکٹر ڈیرل وھارٹن رگبی کی مبینہ کہانی میں ’ایک شخص کو ایک افریقی فٹبال ٹیم کے لیے 30 لاکھ ڈالر پہنچانے کی ذمہ داری دی گئی ہے کیونکہ ٹیم نے اس کی ادائیگی کے بغیر کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ چیزیں اس وقت ہاتھ سے نکل جاتی ہیں جب رقم لوٹ لی جاتی ہے۔‘



