کیسے کیسے جتن؟

کولمبیا اپنے گروپ میں سر فہرست ہے اور وہ دونوں میچ جیت کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکولمبیا اپنے گروپ میں سر فہرست ہے اور وہ دونوں میچ جیت کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے

برازیل میں ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے فٹبال سے محبت کرنے والے من چلوں نے کیسے کیسے جتن کیے ان کی ایک لمبی فہرست ہے۔

برازیل میں میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے کولمبیا کے سات افراد پر مشتمل ایک گروپ نے بھی ایک منفرد طریقہ نکالا ہے۔ اس گروپ میں چھ مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ کوابا میں یہ لوگ ایک مصروف جگہ پر اپنی تین کاروں میں کافی بیچ رہے ہیں۔

وہ بتاتے ہیں کہ اس خیال کو عملی جامہ پہنانےمیں انھیں دو سال لگے۔ وہ ایکواڈور، پیرو اور بولیویا کے راستے 40 دن کے سفر کے بعد برازیل پہنچے۔

اس ٹیم میں شامل زیادہ تر لوگ کافی کی تجارت سے منسلک ہیں۔ برازیل آنے کے لیے ہر شخص اب تک 2200 ڈالر خرچ کر چکا ہے۔ ان کے مطابق عالمی کپ کے اختتام تک ہر ایک کو مزید 2000 ڈالر کی ضرورت ہوگی۔

وہ پر امید ہیں کہ کافی بیچ کر ان کا کام چل جائے گا۔ اس کے ساتھ وہ یہ بھی امید کر رہے ہیں کہ ان کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں آخر تک جائے گی۔

برازیل کے ہندوستانی پرستار

برازیل میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ آباد ہیں، جب کہ بعض صرف ورلڈ کپ دیکھنے وہاں گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنبرازیل میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ آباد ہیں، جب کہ بعض صرف ورلڈ کپ دیکھنے وہاں گئے ہیں

برازیل میں کسی ہندوستانی کو پہچاننا مشکل ہے کیونکہ ان میں سے زیادہ تر برازیل کے باشندوں کی طرح ہی نظر آتے ہیں۔

برازیل اور کیمرون کے درمیان پیر کو دارالحکومت برازيليا میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران تقریباً 30 ہندوستانیوں کی ایک جماعت سٹیڈیم میں موجود تھی۔

ان کے ہاتھوں میں بھارتی پرچم تھا اور وہ برازیل کی حمایت کر رہے تھے۔ اس گروپ میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں جنھوں نے رنگ برنگے بھارتی لباس زیب تن کر رکھے تھے۔ برازیل کے ناظرین بھی ان میں بہت دلچسپی لے رہے تھے۔

جیسے ہی میچ ختم ہوا بعض ٹی وی چینلوں والے بھارتی مداحین کے پاس گئے اور ان سے بات چیت کی۔ اس ٹیم میں شامل بعض لوگ تو برازیل میں ہی رہتے ہیں جبکہ بعض اپنی پسندیدہ ٹیم برازیل کی حمایت کرنے کے لیے بھارت سے یہاں آئے ہیں۔

سواریس پیزا

سواریس پیزا میں یوروگوے کے کھلاڑی سواریس کا چہرہ بنایا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنسواریس پیزا میں یوروگوے کے کھلاڑی سواریس کا چہرہ بنایا گیا ہے

خود پر ہنسنے کے معاملے میں انگلینڈ کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ انگلینڈ میں ایک نیا پیزا لانچ کیا گیا ہے جس پر یوروگوائے کے سٹرائیکر لوئس سواریس کا چہرہ بنایا گیا ہے۔

سواریس نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں دو گول کیے تھے۔ یوروگوائے نے یہ میچ 2-1 سے جیت لیا تھا۔ اس شکست کے بعد انگلینڈ کی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں ختم ہو گئی تھیں۔

انگلینڈ اور یوروگوائے کے درمیان میچ شروع ہونے سے پہلے ہی ’ہاٹ یوروگوائے‘ لانچ کیا جا چکا تھا۔

اس میں کالی مرچ، سیاہ زیتون، پیاز اور قیمے کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس میں استعمال کی جانے والی اشیا کو اس طرح سجایا گیا ہے جس سے سواریس کا چہرہ ابھر آتا ہے۔