آئی پی ایل، ممبئی انڈینز سیمی فائنل میں

دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز اس وقت درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر ہیں

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشندفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز اس وقت درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر ہیں

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں اتوار کو کھیلے گئے میچز میں کنگز الیون پنجاب نے دہلی ڈیئر ڈیویلز کو سات وکٹوں سے اور ممبئی انڈینز نے راجستھان رائلز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔

ممبئی کی ٹیم نے ایک سنسنی مقابلے میں راجستھان رائلز کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس طرح ناک آؤٹ سٹیج میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

کنگز الیون پنجاب اوّل نمبر پر ہے اور درجہ بندی کے حساب سے اس کا مقابلہ دوسرے نمبر کی ٹیم کولکاتہ نائٹ رائڈرز سے ہوگا۔ تیسرے نمبر پر چینئی کی ٹیم ہے جو چوتھے نمبر کی ٹیم دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز کے سامنے ہوگی۔

ممبئی انڈینز کو جیتنے کے لیے 190 رنوں کا ٹارگٹ ملا تھا اور ناک آؤٹ سٹیج پر پہنچنے کے لیے اسے یہ ہدف بیس اوور کے بجائے چودہ اعشاریہ تین اوور میں حاصل کرنا تھا جو اس نے کوری اینڈرسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ممبئی انڈینز کی ٹیم 3۔14 اوور میں میچ جیتنے کے بجائے سکور 189 یعنی برابر کر سکی تو تھوڑ ابہام پیدا ہوا کہ اب کیا ہوگا۔ اس کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ ممبئی کو ایک اضافی بال اس شرط پر کھیلنے کو دی جارہی ہے کہ اگر وہ اس پر چوکا یا چھکّا لگاتے ہیں تو انھیں ناک آؤٹ سٹیج کے لیے کوالیفائی کرنے کا مستحق سمجھا جائیگا۔

اس بال کا سامنا وکٹ کیپر آدتیہ تارے نے کیا اور چھکّا مار کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ کوری اینڈرسن نے نو چوکے اور چھ چھکّوں کی مدد سے 44 بالز پر 95 رن سکور کیے اور وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ انھیں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل ہوا۔

اس سے قبل ممبئی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور راجستھان رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 189 رن سکور کیے۔

راجستھان کی طرف سے سنجو سیمسنز نے 47 بالز پر 74 رن، کرن نائر نے 27 پر 50 رن، براڈ ہوج نے 16 پر 29 اور جیمز فاکنر نے 12 گیندوں پر 23 رن سکور کیے۔

پہلے میچ میں دہلی ڈیئر ڈیولز نے پنجاب کو جیتنے کے لیے صرف 116 رنوں کا ہدف دیا تھا جو اس نے آسانی سے تین وکٹوں کے نقصان پر چودہویں اوور کی پانچویں بال پر حاصل کر لیا۔

پنجاب کے بلے باز ڈیوڈ ملر نے 34 بالز پر 47 رن اور مانو ووہرا نے 38 گیندوں پر 47 رن سکور کر کے اس جیت میں اہم رول ادا کیا۔ مانو ووہرا کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

موہالی میں کھیلے گئے اس میچ میں پنجاب نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور دہلی ڈیئر ڈیویلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سبھی وکٹوں کے نقصان پر 115 رن سکور کیے۔

دہلی کی ٹیم کے کپتان کیون پیٹرسن نے 41 گیندوں پر 58 رن، دنیش کارتک نے 7 بالز پر 13 رن اور جمی نیشم نے 20 گیندوں پر 12 رن سکور کیے۔

ان کے علاوہ دہلی کا کوئی بھی بلے باز دو ہندوسوں تک بھی نہیں پہنچ سکا اور پوری ٹیم 1۔18 میں آؤٹ ہوگئی۔

پنجاب کی طرف سے کرن ویر سنگھ نے 22 رن کے عوض دو وکٹیں اور پروندر سنگھ نے 15 رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔