آئی پی ایل، ممبئی اور پنجاب کی فتح

ممبئی انڈین نے ڈیلہی ڈیئر ڈیول کو شکست دی

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنممبئی انڈین نے ڈیلہی ڈیئر ڈیول کو شکست دی

انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن میں جمعہ کو کھیلے گئے میچوں میں ممبئی انڈینز نے ڈیلہی ڈيئر ڈیویلز کے خلاف جیت حاصل کی اور کنگز الیون پنجاب نے راجستھان رائلز کو شکست دی۔

پہلے میچ میں ممبئی انڈینز نے ڈیلہی ڈیئر ڈیویلز کو پندرہ رنز سے ہرایا جبکہ دوسرے میں کنگز الیون پنجاب نے راجستھان رائلز کے خلاف 16 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

پہلا میچ ممبئی میں کھیلا گيا جہاں ڈیلہی ڈیئر ڈیویلز کو جیتنے کے لیے 174 رنز کا ہدف ملا تھا۔ لیکن دلی کی ٹیم مقررہ بیس اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 158 رن ہی سکور کر سکی۔

دلی کی طرف سے کپتان کیون پیٹرسن 31 بالز پر 44 رن، منوج تیواری 31 پر 41 رن اور جے پی ڈومنی 29 گیندوں پر 45 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

دلی کے کپتان کیون پیٹرسن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمام وکٹیں کھو کر 173 رن سکور کیے۔ ممبئی کی ٹیم 3۔19 اوور میں ہی آؤٹ ہوگئی۔

ممبئی کی طرف سے اوپنر مائیکل ہسّی نے بہترین بلے بازی کی جنہوں نے 33 بالز پر 56 رن سکور کیے۔ انھیں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل ہوا۔

لینڈل سیمئنز نے 25 بالز پر 35 رن بنائے

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنلینڈل سیمئنز نے 25 بالز پر 35 رن بنائے

لینڈل سیمئنز نے 25 بالز پر 35 رن بنائے اور کپتان روہت شرما نے 21 بالز پر 31 رن سکور کیے۔ دلی کے گیند باز عمران طاہر نے 37 رن دیکر تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرا میچ موہالی میں کھیلا گیا جہاں کنگز الیون پنجاب نے راجستھان رائلز کو جیتنے کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن راجستھان کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 163 رن ہی سکور کر پائی۔

راجستھان کی طرف سے اجنکیا رہانے 26 گیندوں پر 23 رن، سنجو سیمسن 29 پر 30 رن، براڈ ہوج 18 بالز پر 31 رن اور جیمز فاکنر نے ایک چوکے اور چار چھکّوں کی مدد سے 13 گيندوں پر 35 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

پنجاب کے گیند باز آکاش پٹیل نے 24 رن کو عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور کرن ویر سنگھ نے سولہ رن دیکر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 179 رن سکور کیے۔

اس میں وریندر سہواگ نے 8 بالز پر 18 رن، مانو ووہرا نے 20 پر 25 رن، شان مارش نے 35 پر 40 رن، وردھمان ساہا نے 20 پر 27 رن، ڈیوڈ ملر نے 20 گیندوں پر 29 رن اور کپتان جارج بیئلی نے 18 بالز پر 26 رن سکور کیے۔

شان مارش کو ان کی بہترین بیٹنگ کے لیے مین آ دی میچ کے اعزاز سے نوازہ گیا۔