آئی پی ایل، کولکاتہ اور حیدرآباد کی جیت

،تصویر کا ذریعہPTI
انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں جمعرات کو کھیلے گئے میچیز میں کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے رائل چيلنجرز بنگلور کر ہرایا اور سن رائزار حیدرآباد نے چینئي سپر کنگز کو شکست دی۔
پہلے مقابلے میں کولکاتہ نائٹ رائڈرز نے رائل چيلینجرز بنگلور کو تیس رنز سے شکست دی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ دوسرے میچ میں سن رائزر حیدرآباد نے چينئی سپر کنگز کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
پہلے میچ میں بنگلور کی ٹیم کو جیتنے کے لیے 196 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی ٹیم مقررہ بیس اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 165 رن ہی سکور کر پائی۔
بنگلور کی جانب یوگیش ٹکاؤلے 36 گیندوں پر 45 رن، وراٹ کوہلی 31 پر 38 رن، یواراج سنگھ 12 بالز پر 22 رن اور سچن رانا 12 بالز پر 22 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
کولکاتہ کی طرف سے سنیل نارائن نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے بیس رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
کولکاتہ میں کھیلے گئے اس میچ میں رائل چيلنجرز بنگلور نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کولکاتہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 195 رن سکور کیے۔
کولکاتہ کی طرف سے اوپنر رابن اتھپّا نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر دس چوکے اور ایک چھکّے کی مدد سے 83 رن سکور کیے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ انھیں مین آف دی میچ کا خطاب ملا۔

،تصویر کا ذریعہPTI
رابن اتھپّا کی اس سیزن میں یہ پانچویں نصف سنچری ہے اور 572 رن بنا کر وہ رنز کی دوڑ میں سبھی کھلاڑیوں سے آگے ہیں۔ آل راؤنڈرو شکیب الحسن پانچ چوکے اور تین چھکّوں کی مدد سے 38 بالز پر 60 رن اور یوسف پٹھان 13 گیندوں پر 22 رن بنا کر نمایاں رہے۔
کولکاتہ کی یہ مسلسل چھٹی کامیابی ہے اور پنجاب کے بعد وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم ہے۔
دوسرے میچ میں سن رائزر حیدرآباد کو جیتنے کے لیے 186 رنوں کا ہدف ملا تھا جو اس نے چار وکٹ کے نقصان پر آخری اوور کی چوتھی بال پر حاصل کر لیا۔
حیدرآباد کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے آج بہترین بلے بازی کی اور 45 گیندوں پر دس چوکے اور تین چھکّوں کی مدد سے 90 رن سکور کیے۔ انھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گيا۔
شکھر دھون نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے بھی 50 گیندوں پر 64 رن بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔
رانچی میں کھیلےگئے اس میچ میں سن رائزآر حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور چينئی سپر کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر ہ بیس اوورز میں تین وکٹ کے نقصان پر 185 رن بنائے۔
چینئی کی طرف سے اوپنر ڈائن سمتھ 28 بالز پر 47 رن، ڈیوڈ ہسّی 33 پر 50 رن اور کپتان مہندر سنگھ دھونی 41 بالز پر 57 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
حیدرآباد کی طرف سے کرن شرما نے انیس رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔



