اصلاح چیف سلیکٹر، شہناز شیخ ہیڈ کوچ

اصلاح الدین پاکستان کی ہاکی میں ایک عہد ساز کھلاڑی ہیں
،تصویر کا کیپشناصلاح الدین پاکستان کی ہاکی میں ایک عہد ساز کھلاڑی ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان ہاکی فیڈریشن گذشتہ کئی برسوں سے زبردست مخالفت کرنے والے سابق اولمپینز کو منانے میں کامیاب ہوگئی ہے اور اس کے ساتھ ہی ان سابق اولمپینزمیں سے چند کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔

سابق اولمپین اصلاح الدین کو چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا ہے جبکہ شہناز شیخ سینئر ہاکی ٹیم کے منیجر اور ہیڈ کوچ بنا دیے گئے ہیں۔

منظور الحسن کو جونیر ٹیم کا منیجر اور ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

شہباز احمد اور اخترالاسلام کو ایگزیکٹیو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔ اصلاح الدین اور شہناز شیخ بھی ایگزیکٹیو بورڈ میں شامل کیے گئے تھے تاہم اب ان کی جگہ دو نئی تقرریاں کی جائیں گی۔

ان تمام فیصلوں کا اعلان بدھ کے روز پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول نے کی۔

اصلاح الدین اس سے قبل بھی چیف سلیکٹر رہ چکے ہیں۔ بیجنگ اولمپکس میں ٹیم کی آٹھویں پوزیشن آنے پر انھوں نے اس عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔

شہناز شیخ اور منظور الحسن بھی ماضی میں کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اصلاح الدین شہناز شیخ سمیع اللہ اور کئی دوسرے قابل ذکر سابق اولمپینز ایک عرصے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پالیسیوں سے اختلاف رائے رکھے ہوئے تھے اور ٹیم کی متواتر مایوس کن کارکردگی پر تنقید اور احتجاج کرتے رہے تھے۔ تاہم قاسم ضیا کی جگہ اختر رسول کے صدر بننے کے بعد پی ایچ ایف نے ناراض اولمپینز کو منانے کی کوششیں تیز کردی تھیں جس کے نتیجے میں سمیع اللہ اور قمر ضیا کے سوا دیگر تمام سابق کھلاڑیوں نے اپنے سخت موقف میں تبدیلی لاتے ہوئے فیڈریشن کی حمایت کا اعلان کردیا۔

سابق اولمپین سمیع اللہ موجودہ فیڈریشن کی آئینی حیثیت کو تسلیم نہیں کرتے اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا کہ فیڈریشن کا صدر منتخب ہوا ہو۔ وہ اس الیکشن کو بھی بوگس قرار دیتے ہیں۔