ورلڈ ہاکی لیگ میں بھارت کی 2-7 سے شکست

،تصویر کا ذریعہPTI
بھارتی دارالحکومت دہلی میں کھیلے جانے والے ہاکی ورلڈ لیگ کے آخری دور کے میچوں میں آسٹریلیا نے کوارٹر فائنل میچ میں بھارت کو دو کے مقابلے سات گول سے شکست دی ہے۔
اس کے ساتھ ہی انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈ کے ساتھ آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچنے والی چوتھی ٹیم بن گئی ہے۔
دو سال سے جاری ہاکی لیگ کے فائنل مقابلوں کے لیے پاکستانی ٹیم کوالیفائی نہیں کر پائی تھی۔ بھارت بھی اس کے فائنل مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے سے قاصر رہا لیکن میزبان ملک ہونے کی وجہ سے اسے اس میں شرکت کا موقع ملا۔
دہلی کے میجر دھيان چند سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں بدھ کے کوارٹر فائنل میچ میں بھارت نے شاندار شروعات کی اور پہلے 15 منٹ میں ہی دو گول کی سبقت حاصل کر لی۔ لیکن عالمی چیمپیئن آسٹریلیا نے میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر تین گول کر کے بھارت پر برتری حاصل کرلی۔
دوسرا ہاف مکمل طور پر آسٹریلیا کے نام رہا اور اس نےمزید چار گول کیے۔ اگرچہ بھارت نے سخت مقابلہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔

بھارت کو تین پنلٹی کارنرز بھی ملے لیکن وہ انہیں گول میں تبدیل نہیں کر سکا۔
جمعہ کو سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ نیدرلینڈ سے ہوگا۔ نیدرلینڈ نے ایک دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں عالمی نمبر ایک ٹیم جرمنی کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر آخری چار میں اپنی جگہ بنائی ہے۔
جمعہ کو ہی ہندوستانی ٹیم پانچویں مقام کے لیے اولمپک چمپیئن جرمنی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
اس سے قبل بدھ کو ہی کھیلے جانے والے دوسرے دو کوارٹر فائنلز میچوں میں انگلینڈ نے بیلجیم کو اور نیوزی لینڈ نے ارجنٹائن کو شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی۔
گروپ میچوں میں انگلينڈ نے اپنے تینوں میچ میں جیت حاصل کی اور وہ اپنے گروپ اے میں سر فہرست رہا جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا۔
اس لیگ کی شروعات اگست کے مہینے میں چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ میں ہوئی تھی اور مختلف مرحلوں میں مختلف مقامات پر اس کے میچ منعقد ہوئے۔
اس ليک کا دوسرا دور سنہ 2013 میں مختلف ممالک میں کھیلا گیا جبکہ آخری دور بھارت میں جاری ہے۔



