سپنروں نے تباہی مچا دی، سری لنکا سیمی فائنل میں

،تصویر کا ذریعہGetty
بنگلہ دیش میں جاری پانچویں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر ٹن مرحلے کے ایک اہم میچ میں سری لنکا کی ٹیم کے سپنروں نے تباہی مچا دی اور دو سپنروں نے صرف پانچ رن دے کر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
رنگانا ہیراتھ نے تین اعشاریہ چار اوور میں صرف تین رن دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا جبکہ ان کے ساتھ سنانئکے نے تین اوور میں تین رن دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کے سپنروں نے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اس طرح ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور ہیراتھ کا ریکارڈ شاید ہی مستقبل قریب میں کوئی کھلاڑی توڑ سکے۔
سپنروں کے اس جادو کے سامنے نیوزی لینڈ کی ٹیم ساٹھ رن پر آؤٹ ہو گئی اور سری لنکا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
قبل ازیں سری لنکا کی ٹیم بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف پورے بیس اوور بھی نہ کھیل سکی تھی اور انیس اعشاریہ دو اوور میں ایک سو انیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
نیوزی لینڈ کو ایک سو بیس رن کا بظاہر ایک آسان ہدف ملا ہے لیکن سری لنکا کے سپنروں کا کچھ اور ہی ارادہ تھا۔
نیوزی لینڈ کے دو کھلاڑی صرف اٹھارہ رن پر آؤٹ ہو گئے۔ بائیس رن تک پہنچتے پہنچتے اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو گے۔ تینتیس پر اس کی چھٹی وکٹ بھی گر گئی۔ اکاون کے سکور پر اس کی ساتویں وکٹ گی۔ آٹھواں کھلاڑی ساٹھ کے مجموعی سکور پر رن آؤٹ ہوا اور ساٹھ کے ہی مجموعی سکور پر پوری ٹیم پویلین پہنچ گئی۔
سری لنکا کی بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بیس رن کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی پہلی وکٹ گری اور اس کے بعد انتیس، پینتیس، پینسٹھ، اکاسی، پچاسی اور بانوے کے سکور پر یک بعد دیگر وکٹیں گرتی رہیں۔
جے رودھنے، دلشان، سنگا کارا، میتھیو سمیت سری لنکا کا کوئی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
گروپ ون سے جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔
<link type="page"><caption> میچ کا لائیو سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88774" platform="highweb"/></link>
یہ میچ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس سے قبل اسی میدان میں آج ہالینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کو 45 رنز سے شکست دے کر ایک بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ میچ میں برے اوور ریٹ کی وجہ سے سری لنکا کے کپتان چندی مل پر ایک میچ کے لیے پابندی لگائی گئی تھی اور وہ یہ انتہائی اہم میچ نہیں کھیل رہے۔ ان کی جگہ لاہیرو تھرمانے کو شامل کیا ہے جبکہ اجنتھا مینڈیس کی جگہ رنگنا ہیراتھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔



