ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش

اتوار کو دوسرا میچ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناتوار کو دوسرا میچ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈھاکہ

پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اتوار کے روز بنگلہ دیش کے مدمقابل ہورہی ہے۔

یہ اس ایونٹ میں پاکستان کا تیسرا میچ ہے۔ بھارت کے خلاف پہلا میچ سات وکٹوں سے ہارنے کے بعد اس نے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو سولہ رنز سے شکست دی تھی۔

بنگلہ دیشی ٹیم مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز اور بھارت سے میچز ہار چکی ہے۔

پاکستانی ٹیم اس وقت ایسے مقام پر کھڑی ہے جہاں اسے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز دونوں کو شکست دینی ضروری ہے۔ اگر پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف شکست ہوتی ہے اور پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیاب ہوتا ہے تو ویسٹ انڈیزاور پاکستان دونوں چار چار پوائنٹس پر ہوں گے اور ان کے درمیان پرتری کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کا میچ منگل کو ہوگا۔ ویسٹ انڈیز نے تین میچوں میں سے دو جیت کر سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن رکھے ہیں اور اگر وہ منگل کے روز پاکستان کو ہرا دیتی ہے تو وہ چھ پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

گروپ ٹو سے بھارتی ٹیم تین میچ جیت کر چھ پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کا دو میچوں میں کوئی پوائنٹ نہیں ہے اگر وہ بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنے اگلے دونوں میچ جیت لیتی ہے تو اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ پاکستان ویسٹ انڈیز کو ہرائے لیکن بنگلہ دیش سے ہارے تو اس صورت میں ویسٹ انڈیز پاکستان اور آسٹریلیا کے چار چار پوائنٹس ہونگے اور پھر سیمی فائنل کی ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔

اتوار کے روز پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے بعد دوسرا میچ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔