’صرف ایک میچ نہیں، پورا ٹورنامنٹ اچھا کھیلنا ہے‘

محمد حفیظ اس بات کے بارے میں پریشان نہیں کہ پاکستان نے بھارت کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شکست نہیں دی

،تصویر کا ذریعہICC

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ اس بات کے بارے میں پریشان نہیں کہ پاکستان نے بھارت کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شکست نہیں دی
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈھاکہ

بین الاقوامی کرکٹ کی روایتی دلچسپی کو اپنے نقطہ عروج پر پہنچانے والی پاک بھارت کرکٹ سے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز ہو رہا ہے۔

دونوں ٹیمیں جمعہ کے روز میرپور کے شیرِ بنگلہ سٹیڈیم میں مدمقابل ہو رہی ہیں۔

ایک ٹیم کے پاس ٹی ٹوئنٹی کا سب سے کامیاب بولنگ اٹیک ہے اور دوسری ٹیم کو اپنے بلے بازوں کی لمبی قطار پر ناز ہے۔

پاکستان نے ابھی تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھارت کو شکست نہیں دی ہے لیکن کپتان محمد حفیظ اسے تاریخ اور ماضی سمجھ کر آگے بڑھنے کی بات کرتے ہیں۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم صرف بھارت کو ہرانے کی سوچ کے ساتھ یہ ٹورنامنٹ نہیں کھیل رہی ہے بلکہ وہ چاہتی ہے کہ پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

پاکستانی بیٹنگ بدھ کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ میں لڑکھڑا گئی تھی تاہم محمد حفیظ کا کہنا ہےکہ انھیں بیٹنگ پر تشویش نہیں ہے کیونکہ ٹیم کے پاس اچھے بلے باز موجود ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کسی بھی ٹیم کو اچھے اور برے دنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ’پاکستانی ٹیم دو وارم اپ میچوں سے جو مقصد حاصل کرنا چاہتی تھی وہ حاصل کرلیا۔‘

محمد حفیظ نے کہا کہ جو بھی کھلاڑی بہترین فارم میں ہوگا اس سے کام لیا جائے گا۔

شاہد آفریدی کے بارے میں سوال پر پاکستانی کپتان کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہوگی کہ شاہد آفریدی ایشیا کپ کی کارکردگی دہرائیں، وہ اس وقت فارم میں ہیں اور فٹ بھی ہوچکے ہیں۔

محمد حفیظ کو اس بات کی خوشی ہے کہ عمرگل دوبارہ ردھم حاصل کر چکے ہیں اور انھوں نے دونوں وارم اپ میچوں میں عمدہ بولنگ کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کی کنڈیشنز کے بارے میں کافی جان چکی ہے لیکن بھارتی ٹیم کو بھی یہاں کی کنڈیشنز کا خاصا تجربہ ہے۔ ’اس کی بیٹنگ مضبوط ہے لہٰذا پاکستانی ٹیم کو اپنے گیم پلان پر عمل کرنا ہوگا۔‘