’بنگلہ دیش میں سکیورٹی کا خوف نہیں ہے‘

محمد حفیظ نے کہا میگا ایونٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تجربہ کار کامران اکمل کو موقع دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ نے کہا میگا ایونٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تجربہ کار کامران اکمل کو موقع دیا گیا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انہیں بنگلہ دیش میں سکیورٹی کا کوئی خوف نہیں ہے اور یقین ظاہر کیا کہ بنگلہ دیشی شائقین نے جیسے پہلے پیار دیا، اس بار بھی پاکستانی کرکٹرز کو وہی محبت ملے گی۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں حالیہ پر تشدد واقعات کے سبب ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیموں کی سکیورٹی کے بارے میں خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما کو سزائے موت دیے جانے پر پاکستان کے شدید ردعمل پر بھی ڈھاکہ میں پاکستان مخالف مظاہرے ہوئے تھے۔

<link type="page"><caption> ’بنگلہ دیش میں تشدد، ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کو خطرہ‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2013/12/131210_bangladesh_cricket_tim.shtml" platform="highweb"/></link>

حکومت پاکستان نے اگرچہ ٹیم کو دونوں ایونٹس میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے لیکن کھلاڑیوں کو غیرمعمولی طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے دماغ میں نہ خوف ہے اور نہ وہ ایسا کچھ سوچ رہے ہیں، سکیورٹی فراہم کرنا منتظمین کی ذمہ داری ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ اچھی اور بہتر سکیورٹی فراہم کریں گے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستانی کرکٹروں کو پہلے بھی بنگلہ دیش میں محبت ملی ہے اور کھلاڑی بھی کوشش کریں گے کہ وہ بہترین رویہ اختیار کریں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی کرکٹروں کو اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کو نہیں مل رہی ہے اس کے باوجود تمام کھلاڑی قابلِ تعریف ہیں کہ وہ ملک سے باہر بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، اور ٹی ٹوئنٹی کپتان کی حیثیت سے ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ہر کھلاڑی کو اعتماد دیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ محمد عرفان ٹی ٹوئنٹی کے آئیڈیل بولر ہیں، یقیناً ان کی کمی محسوس ہوگی لیکن ان کی غیرموجودگی میں دوسرے بولرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا بولنگ کا شعبہ متوازن ہے۔ عمرگل کی واپسی سے تیز بولنگ کا شعبہ مضبوط ہوا ہے۔

محمد حفیظ نے کامران اکمل کی ٹیم میں شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جن کھلاڑیوں کو مواقع دیے گئے بدقسمتی سے وہ اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے، لہٰذا میگا ایونٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تجربہ کار کامران اکمل کو موقع دیا گیا ہے۔