اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں: محمد حفیظ

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈھاکہ
پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ اگر انھیں سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو اگلے دونوں میچ جیتنے ہیں۔
محمد حفیظ کہتے ہیں کہ اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ یہ پاکستانی ٹیم کے لیے اہم مرحلہ ہے جس میں ہر چیز واضح ہے اور وہ یہ کہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کو ہرا کر ہی سیمی فائنل میں جگہ بنائی جاسکتی ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف مشکل حالات میں میچ جیتا اور اب وہ صرف سیمی فائنل نہیں بلکہ ٹورنامنٹ جیتنے کو اپنا ہدف بنائے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق اس ٹیم میں کئی میچ ونرز ہیں اور انھیں یقین ہے کہ ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
محمد حفیظ نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل میں پہنچ کر اس گروپ میں دیگر ٹیموں کے لیے سخت مقابلہ پیدا کر دیا ہے اور ان ٹیموں کو سخت محنت کرنی ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ اگر ٹیم کو پتہ ہو کہ رن ریٹ کے بجائے واضح جیت ہی اسے آگے لے جائے گی تو اس کے جوش میں اضافہ ہوجاتا ہے اور وہ بہتر سے بہتر کارکردگی کے بارے میں ہی سوچتی ہے۔
محمد حفیظ نے پاکستانی ٹیم کے میچوں کے درمیان ایک ہفتے کے طویل وقفے کے بارے میں کہا کہ یہ بات سب کو پہلے سے معلوم تھی لہٰذا اسی کے مطابق ٹیم منیجمنٹ نے ٹریننگ کا پروگرام مرتب کیا اور کھلاڑیوں نے سخت ٹریننگ بھی کی اور آرام بھی کیا۔ تمام کھلاڑیوں کو اس دوران اپنی خامیوں پر نظر رکھنے اور انہیں دور کرنے کا اچھا موقع مل گیا۔
پاکستانی کپتان کا کہنا ہے کہ انھیں اپنی ٹاپ آرڈر بیٹنگ پر مکمل اعتماد ہے۔ ’عام طور پر ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ایک بیٹسمین بڑی اننگز کھیلتا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف عمراکمل نے زبردست بیٹنگ کی، کامران اکمل نے سپورٹنگ رول ادا کیا۔ جہاں تک ان سمیت دوسرے بیٹسمینوں کا تعلق ہے تو وہ کسی بھی وقت ذمہ داری سنبھالتے ہوئے میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
محمد حفیظ نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں اسپنرز کامیاب ثابت ہوئے ہیں اور پاکستان کے پاس بھی ورلڈ کلاس اسپنرز موجود ہیں۔



