جنوبی افریقہ کی چھ رن سے فتح

ہالینڈ نے ٹونامنٹ کے اس مرحلے میں سری لنکا سے انتہائی بری طرح شکست کھائی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنہالینڈ نے ٹونامنٹ کے اس مرحلے میں سری لنکا سے انتہائی بری طرح شکست کھائی

بنگلہ دیش میں جاری پانچویں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے سپر ٹن مرحلے میں جنوبی افریقہ نے ہالینڈ کو سخت مقابلے کے بعد چھ رن سے شکست دے دی ہے۔

جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد باؤلر عمران طاہر نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ہالینڈ کی فتح کی جانب سفر کو مشکل بنا دیا۔ عمران طاہر کو اس کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ہالینڈ نے اس ہدف کے تعاقب میں پہلے دس اوور میں نوے رن بنا لیے تھے اور اس کا صرف ایک کھلاڑی آوٹ ہوا تھا لیکن اس کے بعد ہالینڈ کی وکٹیں گرتی رہیں اور وہ یہ میچ فتح سے قریب پہنچ کر ہار گئے۔

میچ جیتنے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی خوشی اس بات کی غماز تھی کہ یہ میچ ان کے لیے کتنا مشکل ہو گیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ڈوپلیسی نے میچ کے بعد اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم اپنی سو فیصد صلاحیت پر نہیں کھیل رہی۔

انھوں نے کہا کہ ہالینڈ نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور وہ میچ جیت سکتے تھے۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ہالینڈ کے خلاف میچ میں اپنے مقررہ بیس اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پینتالیس رن بنائے تھے۔

<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88765" platform="highweb"/></link>

چٹاگانگ کے ظہور احمد سٹیڈیم میں ہالینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تو پہلے ہی اوور میں جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ تین رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے زیادہ 43 رنز ہاشم آملا نے بنائے۔ انھوں نے 43 رنز صرف بائیس گیندوں پر بنائے۔

ڈومنی صرف چوبیس رن بنا سکے۔

ہالینڈ کی طرف سے سب سے کامیاب باؤلر جمیل رہے انھوں نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انھوں نے اپنے چار اوور میں صرف انیس رن دیئے۔

گروپ ون کے اس میچ میں جنوبی افریقہ دو میچوں میں ایک فتح اور ایک شکست کے ساتھ آئی ہے جبکہ ہالینڈ نے ٹونامنٹ کے اس مرحلے میں سری لنکا سے انتہائی بری طرح ہار کر آئی ہے۔

سری لنکا کے خلاف ہالینڈ صرف 40 رنز کا ہدف دے سکی تھی جسے سری لنکا نے پانچ اووروں میں کسی نقصان کے بغیر حاصل کر لیا۔ ہالینڈ کی ٹیم نے اسی ٹورنامنٹ میں 190 رنز کا ہدف تیرہ اوروں میں پورا کر کے دنیائے کرکٹ کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔اس میچ کے شروع ہونے تک ماہرین کا خیال تھا کہ ہالینڈ کی ٹیم اچھی فائٹ دے گئی لیکن ایسا نہ ہوا اور میچ یکطرفہ ثابت ہوا۔

دوسری جانب جنوری افریقہ نے اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے ہرایا تھا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کو سری لنکا سے پانچ رنز سے شکست ہوئی تھی۔

توقع کی جا رہی ہے کہ جنوبی افریقہ ہالینڈ کے خلاف اس میچ کو اپنا رن ریٹ بہتر کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔