ورلڈ ٹی 20: میزبان ٹیم اور دفاعی چیمپین کے درمیان مقابلہ

ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں اپنی شہرت کے برخلاف اچھی کرکٹ نہیں کھیلی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں اپنی شہرت کے برخلاف اچھی کرکٹ نہیں کھیلی

بنگلہ دیش میں جاری ورلڈ ٹی 20 کے گروپ میچوں میں منگل کو ایک ہی میچ ہے اور وہ میزبان ٹیم بنگلہ دیش اور سابق چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے درمیان ہے۔

یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑے سات بجے شیرِ بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میرپور میں ہوگا۔

کرکٹ مبصرین کا خیال ہے کہ دونوں ٹیمیں اپنی فارم کی تلاش میں ہیں اور کچھ کر گزرنے کی خواہش کے ساتھ میدان میں اتریں گي۔

بنگلہ دیش نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں میچز کھیلے تھے تاہم ليگ میں یہ ان کا پہلا میچ ہے۔ بنگلہ دیش گذشتہ دنوں سری لنکا کے ہاتھوں زبردست شکست سے دو چار ہوئی تھی اور اشیا کپ میں تو وہ نووارد ٹیم افغانستان سے بھی ہار گئی تھی۔

ان تمام مایوس کن کارکردگی کے باوجود بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں میں صلاحیت ہے اور وہ کسی بھی دن فارم میں آ سکتے ۔ بطور خاص شکیب الحسن اچھی فارم میں نظر آ رہے ہیں۔

شکیب الحسن سے بنگلہ دیش کو اچھی بیٹنگ اور بالنگ دونوں کی امید ہوگي

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنشکیب الحسن سے بنگلہ دیش کو اچھی بیٹنگ اور بالنگ دونوں کی امید ہوگي

دوسری جانب ویسٹ انڈیز اپنے گذشتہ دس میچوں میں سے سات میں ناکام رہی ہے۔ ورلڈ ٹی 20 کے اپنے پہلے میچ میں بھی اس نے بہت آسانی کے ساتھ بھارت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔

بھارت کے سامنے ان کا کوئی بھی بلے باز سٹروک لگانے میں ناکام رہا۔ کرس گیل کو تین مواقع ملے لیکن وہ اس کا کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ اس میچ میں دونوں ٹیمیں اپنی کاکردگی کو بہتر کرنے کی پرزور کوشش کریں گی۔

شکیب الحسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے بارے میں کہا کہ اگر انھوں نے اچھا کھیلا تو ہم تو گئے لیکن اگر وہ دن ویسٹ انڈیز کا نہیں تو پھر ہمارے لیے کچھ امید ضرور ہے۔

بہر حال بنگلہ دیش کے شائقین کرس گیل کی آتش بازی دیکھیں گے یا پھر ڈوئن سمتھ کی یا پھر شکیب الحسن اینڈ کمپنی کی یہ تو شام کو ہی پتہ چلے گا۔