عالمی مقابلے میں ہارنے کی روایت برقرار

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈھاکہ
ہار جیت کی کیفیت جتنی شدت کے ساتھ پاک بھارت کرکٹ میں محسوس ہوتی ہے شاید ہی کسی اور مقابلے میں ہوتی ہو۔
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز ہی میں بھارتی ٹیم کوجیت مل گئی اور پاکستانی ٹیم ہار کی کسک لیے میدان سے رخصت ہوئی۔
سات وکٹوں کی شکست ایک بار پھر بیٹسمینوں کی غیرذمہ داری کا نتیجہ تھی جو مکمل طور پر بھارتی بولنگ کے رحم وکرم پر دکھائی دیے۔
یہ وہی شیر بنگلہ اسٹیڈیم ہے جہاں صرف اٹھارہ روز قبل پاکستان نے شاہد آفریدی کے دو چھکوں کی مدد سے بھارت کو ایشیا کپ کے میچ میں ایک وکٹ سے زیر کیا تھا لیکن عالمی مقابلوں میں بھارت کو ہرانے کا خواب پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بار پھر حقیقت کا روپ نہ دھار سکا۔
جمعہ کی شام اس اسٹیڈیم میں وہی زبردست ماحول دوبارہ سجا جو ایشیا کپ میں دیکھا گیا تھا۔خوبصورت چہرے، ڈھول تاشے اور ایک دوسرے پر بازی لے جانے والے نعرے ۔
مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر اپنے اسلحہ خانے میں شامل تین سپنرز اوردو تیز بولرز کے ذریعے پہلے پاکستانی بیٹنگ کو قابو کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
پاکستانی ٹیم ایک خراب آغاز کے بعد کسی بھی موقع پر سنبھل نہ سکی اور بیس اوورز میں سکور بورڈ پر سات وکٹوں پر صرف ایک سو تیس رنز دکھائی دیے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
شرجیل خان پر ترجیح دیے جانے والے کامران اکمل صرف آٹھ رنز بناکر کمار کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد اور کپتان محمد حفیظ جو گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی کے دو سب سے کامیاب بیٹسمین تھے ابتدائی نقصان کے ازالے کی کوشش میں رن ریٹ چھ تک لے گئے لیکن صرف چھ گیندوں پر ان دونوں کی وکٹیں حاصل کرکے بھارتی ٹیم میچ پرگرفت مضبوط کرچکی تھی۔
کامران اکمل کی طرح عالمی مقابلے کے لیے ٹیم میں شامل کیے گئے شعیب ملک اور عمراکمل بھی بھارتی بولنگ کے لیے خطرہ نہ بن سکے اور یہ دو وکٹیں سریش رائنا کے کیچ کی بدولت بھارت کو ملیں۔ رائنا نے شاہد آفریدی کا کیچ بھی دبوچا تو اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کے شائقین کو چپ لگ گئی۔ صہیب مقصود کے دو چوکے اور ایک چھکا بھی صورتحال میں کوئی خاص تبدیلی نہ لاسکے۔
روہیت شرما اور شکھر دھون نے بھارت کو چون رنز کا پراعتماد آغاز دے کر آنے والے بیٹسمینوں کو آسانی سے میچ ختم کرنے کا موقع دیا لیکن گیارہ رنز کے اضافے پر تین وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی ٹیم دوبارہ جاگی۔
دھون کو عمرگل نے سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ سعید اجمل نے شرما کو بولڈ کیا جبکہ یوراج سنگھ بھی بلاول بھٹی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
وراٹ کوہلی اور سریش رائنا کی چھیاسٹھ رنزکی شراکت نے بھارت کو جیت سے ہمکنار کیا تو نوگیندیں باقی رہتی تھیں۔
کوہلی چھتیس اور رائنا دو کیچز ڈراپ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پنتیس رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستانی ٹیم اگلا میچ اتوار کے روز آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی اسی روز بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔



