پاکستان چھوٹے ’فارمیٹ‘ کی بڑی ٹیم

پاکستان نے سب سے زیادہ میچ کھیلے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپاکستان نے سب سے زیادہ میچ کھیلے ہیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کو سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے ساتھ ہی یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز جیتے ہیں اور بیس اوور کے مقابلوں میں اس کی کامیابی کی شرح اکسٹھ اعشاریہ پانچ تین فیصد رہی ہے۔

بیس اوور کے مختصر دورانیے کے کرکٹ مقابلوں میں کامیابی کی شرح کے اعتبار سے فی الوقت سب سے آگے نیپال ہے جس نے تین میچ کھیلے ہیں دو جیتے ہیں اور ایک ہارا ہے۔ یوں اس کی کامیابی کی شرح چھیاسٹھ اعشاریہ چھ چھ فیصد رہی ہے۔

نیپال کے بعد اس فہرست ہے میں سری لنکا دوسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا نے اب تک ساٹھ میچ کھیلے ہیں ان میس چھتیس میں کامیابی حاصل کی اور بایئیس ہارے ہیں۔ اس طرح اس کی کامیابی کی شرح اکسٹھ اعشاریہ نو تین فیصد بنتی ہے۔

پاکستان نے مجموعی طور پر اکھہتر میچ کھیلے ہیں اور سینتالیس میں کامیابی حاصل کی جب کہ اس انتیس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ جیتنے اور ہارنے کی شرح میں بھارت کی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے۔ بھارت نے چھیالیس میچ کھیلے ہیں جن میں سے وہ پچیس جیت سکی اور انیس میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم اس فہرست میں مزید نیچے ہے جس نے چھتیس میچ جیتے ہیں اور تیس ہارے ہیں۔ مجموعی طور پر اس نے انہتر میچ کھیلے، ایک بغیر نتیجے کے ختم ہوا اور دو میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں آسٹریلیا نے جیتے۔