ہانگ کانگ کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو اپ سیٹ شکست

،تصویر کا ذریعہAFP
آئی سی سی کے پانچویں عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ مرحلے میں ہانگ کانگ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو دو وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کی بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم اپنے پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 108 رنز بنا کی آؤٹ ہوگئی۔
اس ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی بیٹنگ کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا اور 50 کے سکور تک ان کی نصف ٹیم پویلین پہنچ چکی تھی۔
تاہم ماضی میں پاکستان کے شہر گوجرانوالہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم کا حصہ رہنے والے ہانگ کانگ کے کھلاڑی 40 سالہ منیر ڈار نے ساتویں نمبر پر آ کر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 36 رنز بنا کر میچ کا پانسا پلٹ دیا۔
اس ٹونامنٹ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایسوسی ایٹ ممبر نے ٹیسٹ درجہ رکھنے والی ٹیم کو شکست دی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ ہانگ کانگ کی پہلی فتح بھی تھی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے تین، محمود اللہ نے دو جبکہ الامین حسین، عبد الرزاق اور صابر رحمان نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی اننگز کے آغاز میں ہی اوپنر تمیم اقبال بغیر کوئی رن بنائے اس وقت آؤٹ ہوگئے جب ٹیم کا سکور بھی صفر ہی تھا۔ اس بعد میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہی اور ٹیم کوئی بڑی شراکت کھڑی نہیں کر سکی۔
بنگلہ دیش کے کامیاب ترین بلے باز شکیب الحسن تھے جنہوں نے چھ چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں میں 34 رنز بنائے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے ندیم احمد نے چار وکٹیں لی۔
یاد رہے کہ اس شکست کے باوجود اپنے گروپ میں سب سے زیادہ پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے باعث بنگلہ دیش نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش نے افغانستان کو نو وکٹوں سے اور نیپال کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا تھا۔
دوسری جانب ہانگ کانگ کو نیپال سے 80 رنز سے جبکہ افغانستان سے سات وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔



