مچل جانسن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلیا کے تیز رفتار بالر مچل جانسن پیر میں چوٹ کی وجہ سے بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔
جانسن کی جگہ 32 سالہ ڈگ بولنجر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو تقریباً ڈھائی برس کے وقفے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
32 سالہ مچل جانسن کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے بعد دائیں پیر کے انگوٹھے میں چوٹ لگی تھی جس میں انفیکشن ہوگیا تھا۔
اسی وجہ سے وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔
جانسن کی جارحانہ بالنگ نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں آسٹریلیا کی فیصلہ کن فتح اور اس کے بعد جنوبی افریقہ کو ان کی سرزمین پر ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف میڈیکل آفیسر جسٹن پاؤلونی نے کہا ہے کہ ’ہم انھیں صحت یاب ہونے کے لیے جتنا وقت دے سکتے تھے دیا لیکن ان کے پیر پر ابھی بھی سوجن موجود ہے اور وہ تیزی سے صحیح نہیں ہوا ہے۔‘
آسٹریلیا کی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شرکت کے لیے سولہ مارچ کو بنگلہ دیش پہنچ رہی ہے اور اس کا پہلا میچ 23 مارچ کو میرپور میں پاکستان کے خلاف ہے۔



