جانسن کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا فاتح

،تصویر کا ذریعہGetty
مچل جانسن کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 281 رنز سے شکست دے دی ہے۔
سنیچر کو سنچورین کے گراؤنڈ پر میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 280 رنز پر دوبارہ شروع کی تو دس رنز کے اضافے کے بعد آسٹریلوی کپتان نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
چار وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر کے مائیکل کلارک نے جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 482 رنز کا ہدف دیا۔
اس مشکل ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم ایک بار پھر ناکام رہی اور 49 کے مجموعی سکور پر اس کے تین کھلاڑی گریم اسمتھ، الویرو پیٹرسن اور فاف ڈو پلیسی پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس موقع پر ہاشم آملا اور ابراہیم ڈی ویلیئرز نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی جسے پیٹر سڈل نے آملا کو 38 کے سکور پر آؤٹ کر کے ناکام بنا دیا۔
اس کے بعد آنے والے بلے بازوں میں سے کوئی بھی مچل جانسن کی تیز اور نپی تلی بولنگ کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم 200 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
مچل جانسن نے دوسری اننگز میں پانچ اور میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔اس عمدہ بولنگ پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں شان مارش اور سٹیون سمتھ کی سنچریوں کی بدولت 397 رنز بنائے تھے۔
اس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 206 رنز ہی بنا سکی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 20 فروری سے پورٹ الزبتھ میں شروع ہو گا۔



