ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں جانسن کی تباہ کن باؤلنگ

مچل جانسن نے 40 رنز کے عوض سات وکٹ لیے
،تصویر کا کیپشنمچل جانسن نے 40 رنز کے عوض سات وکٹ لیے

ایڈیلیڈ میں دوسرے ایشز ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جانسن کے سامنے نہ ٹک سکی اور پہلی اننگز میں 172 رنز پر آؤٹ ہو گئي۔

مچل جانسن نے 40 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں اور ان کی تباہ کن بالنگ کے سامنے کاربیری اور بیل کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نہ ٹھہر سکا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87888" platform="highweb"/></link>

آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 398 رنز کی سبقت حاصل تھی اور اگر آسٹریلوی ٹیم چاہتی تو انگلینڈ کو فالو آن پر مجبور کر سکتی تھی لیکن اس نے ایسا نہیں کیا اور دوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے انگلینڈ پر 530 رنز کی مجموعی سبقت حاصل کر لی۔ جب کھیل رکا تو ٹیم کا سکور تین وکٹ کے نقصان پر 132 رنز تھا جبکہ ڈیوڈ وارنر 83 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

تیسرے دن انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 35 رنز سے شروع کی تو کوئی اچھی شراکت نہ ہو سکی اور وقفے وقفے سے وکٹ گرتے رہے۔

مائیکل کلارک نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری بنائی
،تصویر کا کیپشنمائیکل کلارک نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری بنائی

انگلینڈ کی جانب سے ائین بیل نے 72 اور کاربیری نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 172 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انگلش ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی داخل نہ ہو سکا جبکہ تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن کے سات وکٹوں کے علاوہ نیتھن لیون، پیٹر سڈل اور شین واٹسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے جمعے کو کپتان مائیکل کلارک اور بریڈ ہیڈن کی سنچریوں کی بدولت اپنی پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 570 رنز بنا کر ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

ایشز کی اس جوابی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

برسبین میں کھیلے گئے پہلے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دی تھی۔