ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط

مائیکل کلارک کے لیے ایڈیلیڈ ہمیشہ کی طرح انتہائی خوش قسمت گراؤنڈ ثابت ہوا
،تصویر کا کیپشنمائیکل کلارک کے لیے ایڈیلیڈ ہمیشہ کی طرح انتہائی خوش قسمت گراؤنڈ ثابت ہوا

ایشز کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں میزبان آسٹریلیا کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے۔

آسٹریلیا نے جمعے کو پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 570 رنز بنا کر ختم کرنے کا اعلان کیا اور کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 35 رنز بنائے تھے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87888" platform="highweb"/></link>

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے دن آسٹریلوی اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز سے شروع ہوئی تو کپتان مائیکل کلارک اور بریڈ ہیڈن کی عمدہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔

کلارک اور ہیڈن نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں۔ مائیکل کلارک کی 99 میچوں میں یہ پانچویں ایشز سنچری، جب کہ مجموعی طور پر 26 ویں ٹیسٹ سنچری تھی۔

وہ 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہیڈن نے 116 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 200 رنز کی شراکت ہوئی جو کہ اس میدان پر چھٹی وکٹ کی شراکت داری کا بہترین ریکارڈ ہے۔

ان کے علاوہ آسٹریلیا کے آنے والے بلے بازوں میں رائن ہیرس نے نصف سنچری بنائی۔

انگلینڈ کی جانب سے کامیاب ترین بالر سٹوارٹ براڈ تھے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ سوان اور سٹوکس نے دو دو وکٹیں لیں جب کہ پانیسر اور اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

ایشز کی اس جوابی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

برزبین میں کھیلے گئے پہلے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دی تھی۔