’ٹیم میں شمولیت سے کیریئر بچ گیا‘

انگلینڈ کے سپن بالر مونٹی پانیسر نے کہا ہے کہ ایشز سیریز کے سکواڈ میں شامل ہونے سے ان کا کیریئر بچ گیا ہے۔
31 سالہ مونٹی پانیسر پر اگست میں برائٹن کے ایک شراب خانے میں محافظوں کے ساتھ جھگڑے کے بعد پولیس نے جرمانہ عائد کیا تھا اور اس واقعہ کے بعد ان کا کیریئر خطرے میں پڑ گیا تھا۔
بائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والے مونٹی پانیسر نے اتوار کو دی میل کو بتایا کہ میں آپ کو بتا نہیں سکتا کہ میں ٹیم میں شامل ہونے پر کتنا پرجوش ہوں۔
انھوں نے کہا ’ایک کرکٹر اور ایک انسان کے طور پر مجھے اس کی ضرورت تھی اور یہ میرے لیے ایک ناقابل یقین حوصلہ ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ برائٹن کے شراب خانے میں پیش آنے والے واقعے پر وہ بہت شرمندہ ہیں۔
مونٹی پانیسر نے کہا کہ انھوں نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک اور کوچ اینڈی فلاور کو فون کر کے اس واقعے کے دوران اپنے رویے پر معافی مانگی تھی۔
مونٹی پانیسر کا یہ آسٹریلیا کا تیسرا دورہ ہو گا، اس سے پہلے وہ سنہ 11-2010 اور 07-2006 میں کھیلی جانے والے ایشز سیریز کے دوران آسٹریلیا کا دورہ کر چکے ہیں۔
انگلینڈ کے سپنر نے مارچ 2006 میں بھارت کے خلاف ناگپور میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انھوں نے 48 ٹیسٹ میچوں میں 33.78 کی اوسط سے 164 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔



