اوول پچ پر پیشاپ کرنے پر معافی

بیان کے مطابق کہ اگر ہمارے عمل سے کسی کو صدمہ پہنچا ہے تو اس کے لیے ہم معذرت چاہتے ہیں
،تصویر کا کیپشنبیان کے مطابق کہ اگر ہمارے عمل سے کسی کو صدمہ پہنچا ہے تو اس کے لیے ہم معذرت چاہتے ہیں

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز جیتنے کے بعد اپنے نامناسب رویے پر معافی مانگی ہے۔

اطلاعات کے مطابق انگلیڈ کی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں نے اوول میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے بعد پچ پر پیشاپ کیا تھا۔

خیال رہے کہ ایشز سیریز کا آخری ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا اور انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف یہ سیریز تین صفر سے جیتی تھی۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایشز سیریز جیتنے کے بعد جوش میں آ گئے تھے اور ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہمارا رویہ نامناسب تھا۔

بیان کے مطابق کہ اگر ہمارے عمل سے کسی کو صدمہ پہنچا ہے تو اس کے لیے ہم معذرت چاہتے ہیں۔

بیان میں مذید کہا گیا ہے ’ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ایشز سیریز جیتنے کے بعد جب ہم اس فتح کا جشن منا رہے تھے تو اس وقت اوول کے میدان میں ہمارا ارادہ کسی کی توہین کرنا نہیں تھا۔ ایک ٹیم کی حیثیت سے ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم کرکٹ سے متعلق ہر چیز کا احترام کریں‘۔

انگلینڈ کے سپنر گرایم سوان نے اخبار ’دی سن‘ میں لکھتے ہوئے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔

انھوں نے اخبار میں لکھا ’سیریز جیتنےکے بعد ہم اوول کرکٹ گراؤنڈ کی پچ پر گئے، سب کھلاڑی خوشی میں گا رہے تھے اور ایک دوسرے کے ساتھ کو انجوائے کر رہے تھے‘۔

انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سٹورٹ براڈ کو ساؤتھ ہیمپٹن میں آج اس حوالے سے میڈیا کے سوالوں کا سامنا کرنا ہو گا۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔