میں منتخب ہوکر آیا ہوں: نجم سیٹھی

مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے: نجم سیٹھی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنمجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے: نجم سیٹھی
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور دوبارہ سنبھالنے والے نجم سیٹھی نے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین اور ایس آر او کے تحت منتخب ہوئے ہیں اور ان کا انتخاب وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے ارکان نے کیا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ یہ غلط فہمی دور کرنا چاہتے ہیں کہ یہ کوئی عارضی یا ایڈہاک کمیٹی نہیں ہے، اب ان کے پاس مکمل اختیارات موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کیے جو اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی تسلیم کیے کہ وزیرِ اعظم کے پاس یہ اختیار ہے اور اسی اخِتیار کے تحت انھوں نے یہ کمیٹی قائم کی ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے جس میں اصلی انتخاب ہوں کیونکہ پچھلا آئین صرف ایک شخص کے لیے بنایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ کے سامنے سب سے اہم معاملہ آئی سی سی میں اپنی پوزیشن کو ٹھیک کرنا ہے کیونکہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ میں بالکل تنہا رہ گیا ہے۔ بگ تھری کے معاملے سے صحیح طور پر نہیں نمٹاگیا وہاں ہمیں ناکامی ہوئی اسے دور کرنا ہوگا‘۔

انھوں نے کہا کہ ذکا اشرف کے کیے گئے تمام فیصلوں کا منگل کو ہونے والے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب برطرف کیے گئے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ حکومت کا اقدام غیر جمہوری ہے اور وہ اس ضمن میں قانونی مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔