وزیراعظم نہ ملے ، ذکا اشرف سنگاپور روانہ

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف وزیراعظم نوازشریف سے تمام تر کوششوں کے باوجود ملاقات میں ناکامی کے بعد سنگاپور روانہ ہوگئے ہیں جہاں ہفتے کے روز آئی سی سی کا انتہائی اہم اجلاس ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کے بعد وزیراعظم اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن بن چکے ہیں۔
ذکا اشرف وزیراعظم نوازشریف سے بنگلہ دیش کی سیاسی صورتحال کے تناظر میں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستانی ٹیم کی شرکت اور آئی سی سی میں مستقبل میں ہونے والی انتہائی اہم تبدیلیوں کے ضمن میں سرکاری موقف حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن وزیراعظم سے ملاقات کرنے میں ناکام رہے۔
ذکا اشرف کو اس صورتحال میں ان اہم معاملات پر امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کرنی پڑی جنہوں نے ذکااشرف کو بتایا کہ ان معاملات پر سمری وزیراعظم کو بھیجی جا رہی ہے اور جواب ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کردیا جائے گا۔
ذکا اشرف نے ایک سے زائد بار وزیراعظم سے ملاقات نہ ہونے کا شکوہ بھی کیا ہے کہ انہوں نے دو بار وزیراعظم کو خط بھی ارسال کیا لیکن اس کا جواب نہیں ملا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکومت نے ذکا اشرف کی بحالی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن بعد میں یہ درخواست واپس لے لی۔
بعض ذرائع کے مطابق حکومت ذکا اشرف کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے بارے میں تیاری کر چکی ہے اور حکومت صرف آئی سی سی کے اجلاس کا انتظار کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت آئی سی سی اجلاس سے قبل کوئی قدم اٹھاکر بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی جگ ہنسائی نہیں کرنا چاہتی کیونکہ آئی سی سی کے گزشتہ اجلاس میں بھی یہ بات کہی گئی تھی کہ آئی سی سی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لوگ بار بار تبدیل ہوتے ہیں۔
ذکا اشرف نے عدالت کی جانب سے بحال ہونے کے بعد قومی کرکٹ سے متعلق فیصلے کرنے شروع کر دیے ہیں جن میں چیف سلیکٹر کے طور پر عامر سہیل کی تقرری قابل ذکر ہے ۔اس کے علاوہ آئندہ چند روز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کی تقرری بھی ہونے والی ہے۔
ذکا اشرف نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کرکٹ بورڈ میں ایک طویل عرصے سے موجود ذاکر خان کو منیجر مقرر کیا ہے۔ان سے پہلے یہ ذمہ داری سابق وکٹ کیپر معین خان نبھا رہے تھے۔
کرکٹ بورڈ میں تبدیلی کی صورت میں نجم سیٹھی ایک بار پھر باگ ڈور سنبھالنے کے مضبوط دعویدار ہیں جنہیں نواز شریف نے ذکا اشرف کی معطلی کے بعد کرکٹ بورڈ کا سربراہ مقرر کیا تھا لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں بڑے فیصلے کرنے سے روک دیا تھا۔بعدازاں ڈویژن بنچ نے ذکا اشرف کو بحال کردیا۔



